سندھ میں میٹرک کے امتحانات 17 مئی اور انٹر کے 15 جون سے لینے کا فیصلہ

صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی

موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی (فوٹو،فائل)

QUETTA:
محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں میٹرک کے امتحانات 17 مئی اور انٹرمیڈیٹ کے 15 جون سے لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے تعلیمی کیلنڈر کی بھی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں بورڈ کے امتحانات 17 مئی سے ہوں گے اور نتائج کا اعلان 17 جولائی کو کیا جائے گا، بورڈز چیئرمین نے وزیر تعلیم کو یقین دہانی کروائی کہ طالب علموں کے رزلٹ دو ماہ میں دے دیں گے۔


اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات 15 جون سے ہوں گے، صوبے میں چوتھی اور آٹھویں کے امتحانات دو مئی سے لیے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی کیلینڈر کی منظوری دی گئی، تمام تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی جبکہ اسی دوراں ہائیر اسکولوں میں داخلے بھی ہوں گے۔ نئے تعلیمی سال کی کلاسز کا آغاز یکم اگست سے ہوگا۔

موسم سرما کی چھٹیاں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔ اجلاس میں نئے تعلیمی سال 2022-23 کی شروعات، نئے سال میں نویں، گیارہویں اور بارہویں میں داخلوں کا شیڈیول، امتحانات کا شیڈیول، اسپورٹس اور غیرنصابی سرگرمیوں کے علاوہ ویکیشنز کے بابت ایجنڈے پر گفتگو ہوئی۔
Load Next Story