فائنل سے قبل لاہور میں کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا

قلندرز کے سپورٹرز کی خصوصی تیاریاں،ملتان سے بھی شائقین کی آمد متوقع

میچ کے ٹکٹ نایاب،خریدنے والے قسمت پر نازاں،باقی تلاش میں سرگرداں۔ فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل سے قبل لاہور میں کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا۔

دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کی فتح کے بعد لاہور میں کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا ہے، دفاتر، شاپنگ مالز،دکانوں اور شادی ہالز میں میزبان ٹیم کی اسلام آباد کیخلاف حیران کن فتح کی باتوں کے ساتھ فائنل کی پیشگوئی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔


آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھی ہاؤس فل یقینی ہوچکا،لاہور قلندرز کے سپورٹرز نہ صرف اسٹینڈز میں بیٹھ کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ گھروں پر عزیزواقارب کے ہمراہ میچ دیکھنے کی تیاریاں بھی کرلی ہیں،بڑی اسکرینز کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے،لاہوریوں کی اکثریت کو یقین ہے کہ اس بار ٹرافی پر قلندرز ہی قبضہ جمائیں گے۔

دوسری جانب ملتان سے بھی بڑی تعداد میں شائقین کی لاہور آمد متوقع ہے،گزشتہ روز کئی ملتانی لاہور میں اپنے عزیزوں کو فون کرکے ٹکٹ کا انتظام کرنے کی درخواست کرتے رہے، دوسری طرف شہریوں کی بڑی تعداد ٹکٹوں کی تلاش میں سرگراں رہی۔

بلیک میں فروخت کرنے والے بھی سرگرم رہے،جنرل انکلوژر کے 15سو روپے والے ٹکٹ کے 4سے 6ہزار روپے تک طلب کیے گئے،دوسری جانب لاہور میں میچز شروع ہونے سے ابھی تک سرگرم رہنے والے سیکیورٹی اہلکار بدستور ڈیوٹیز پر موجود ہیں، رش زیادہ ہونے کی وجہ سے حفاظتی انتظامات بھی سخت ہونگے، ان کو حتمی شکل دینے کیلیے اعلیٰ افسران وینیو اور اطراف کے دورے کرکے اہلکاروں کو ہدایات جاری کررہے ہیں۔
Load Next Story