کھلاڑی محنت کررہے ہیں اگر بیٹنگ کلک کرگئی تو پاکستان نمبرون ٹیم بن سکتی ہے ظہیر عباس

ہاتھ میں کوئی جادو کی چھڑی نہیں لیکن محنت کر رہے ہیں امید ہے لڑکے جلد سیکھ کر پاکستان کا نام روشن کریں گے، ظہیرعباس

کوشش ہو گی کہ لڑکوں کو حالات کے مطابق کھیلنے کے بارے میں بتاؤں۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور ایشین ڈان بریڈ مین ظہیر عباس نے کہا ہے کہ کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں اگر بیٹنگ کلک کر گئی ہماری ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم بن سکتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ لڑکوں میں سیکھنے کی جستجو ہے، میرے آنے کے بعد لڑکوں میں ایک نئی روح پھونک گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے ہاتھ میں کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے لیکن ہم پوری محنت کر رہے ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی جلد سیکھ کر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔


ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی کہ لڑکوں کو حالات کے مطابق کھیلنے کے بارے میں بتاؤں، لڑکوں کو جو مشورے دیئے ہیں اگر ان پر عمل کیا تو انھیں بہت قائدہ ہو گا، پاکستان کا بالنگ اٹیک مضبوط ہے اگر بیٹنگ کلک کر گئی تو ہم نمبر ون ٹیم بن سکتے ہیں۔ ایشین ڈان بریڈ مین کا کہنا تھا کہ چیرمین کرکٹ بورڈ کو بتا دیا ہے کہ انڈر 19 کے کیمپ میں لڑکوں کو لیکچر دینے ضرور آؤں گا اور انہیں بیٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے مشورے بھی دوں گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ ظہیر عباس نے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کو بیٹنگ میں بہتری لانے کے لئے مفید مشورے دیئے۔
Load Next Story