سندھ میں ڈاکوؤں کا وقت ختم ہونے والا ہے اسد عمر
وزیر خارجہ کا بلاول بھٹو کو کارکردگی کی بنیاد پر مناظرے کا چلینج
FAISALABAD:
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اب صوبے میں ڈاکوؤں کا وقت ختم ہونے والا ہے۔
رتوڈیرو میں سندھ حقوق مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام چاہتے ہیں صوبے کے حالات بہتر ہوں، ان ڈاکوؤں کے اقتدار کا وقت ختم ہونے والا ہے کیونکہ عمران خان سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری کے ظلم کا نشانہ بننے والوں اور سندھ کی دھرتی کے سپوتوں کو جلد انصاف ملے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیپلزپارٹی کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم تین سال کا حساب دے دیتے ہیں پیپلز پارٹی 15سال کا حساب دے، سندھ میں 15سالوں سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے سندھ کے مسائل حل نہیں ہوئے، یہ کون سی سیاست ہے مخالف کو گولی کی نظر کر دیا جائے، صوبے میں فائر بریگیڈ والے پیپلز پارٹی کے جھنڈے لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قمبر میں تبدیلی دیکھ رہا ہوں، لاڑکانہ کی زمین پر پی ٹی آئی کے جھنڈے زیادہ دکھائی دے رہے ہیں۔ سندھ میں بہت جلد تبدیلی آئے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ پہلی مارچ کو لاڑکانہ سے روانہ ہوکر خیرپور قومی شاہراہ پہنچے گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں مارچ کراچی کیلٸے نوشہروفیروز کی قومی شاہراہ سے گزرے گا اور اس دوران پی پی کا لانگ مارچ بھی یہاں پہنچے گا، قومی شاہراہ کی ایک سڑک پر کھلاڑی تو دوسری سڑک پر جیالے ہوں گے۔