شوہر کے تشدد سے بیوی جاں بحق لاش سسرال کے باہر چھوڑ کر فرار

شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا سی سی پی او فیاض احمد دیو نے نوٹس لے لیا

ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی (فوٹو، فائل)

کراچی:
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی جاں بحق ہوگئی جس کے بعد ملزم لاش کو سسرال کے باہر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مبینہ قتل کا یہ دل خراش واقعہ لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پیش آیا۔ انجم نامی مقتولہ کی پندرہ سال قبل ملزم سے شادی ہوئی تھی اور وہ دونوں مذکورہ مدت سے ایک ساتھ رہ رہے تھے۔


پولیس نے بتایا کہ ملزم مقتولہ بیوی کی لاش کے ساتھ اپنی بیٹی کو بھی سسرال کے باہر چھوڑ کر فرار ہوا۔ شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا سی سی پی او فیاض احمد دیو نے نوٹس لے کر ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔

فیاض احمد دیو نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔

ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور شواہد بھی اکھٹے کرلیے گئے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جلد اسے گرفتار کر لیں گے۔
Load Next Story