باقاعدگی سے ٹیکس دینے والوں کو مراعات کا فیصلہ

ہر شعبے میں 100، 100 بڑے ٹیکس دہندگان کو کارڈزجاری کیے جائینگے، رُولز کی تیاری شروع

نادرا، اسپتالوں، تعلیمی اداروں، بینکوں سمیت دیگر تمام اہم مقامات پر ترجیحی حیثیت حاصل ہو گی فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایمانداری سے باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے والے ٹیکس دہندگان کے لیے ٹیکس پیئرزاستحقاق اینڈ آنر کارڈ اسکیم متعارف کروا دی ہے۔

اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں ہر شعبے سے ایک، ایک سو بڑے اور باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے والے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس پیئر آنر کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بڑے ٹیکس دہندگان کو جاری ہونے والے آنر کارڈز ایک سال کے لیے جاری کیے جائیں گے جو ہر سال جاری ہوا کریں گے۔ ایف بی آر کی طرف سے گزشتہ روز باضابطہ طور پر ٹیکس پیئرز استحقاق اینڈ آنر کارڈ اسکیم متعارف کرادی ہے جس میں اس اسکیم کے تحت خصوصی استحقاق و آنر کارڈز کے اجرا کے لیے اہلیت کا معیار اور طریقہ و گائیڈ لائن دی گئی ہے۔


مذکورہ اسکیم کے تحت تنخواہ دار انفرادی ٹیکس دہندگان، غیر تنخواہ دار انفرادی ٹیکس دہندگان، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کارپوریٹ سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں پر مشتمل چار شعبوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 400 ٹیکس دہندگان کو ٹیکس پیئر آنر کارڈ جاری کیے جائیں۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے متعارف کروائی جانیوالی اسکیم میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر(ایف بی آر) نے ایمانداری کے ساتھ اور باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے والے ایک سو بڑے ٹیکس دہندگان کی فہرست بھی تیار کرلی ہے اور ابتدائی طور پر ان بڑے ٹیکس دہندگان کو کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایف بی آر نے ٹیکس پیئرز آنر کارڈ کے اجرا کے لییرُولز کی تیار کا کام بھی شروع کردیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں جن ایک سو ٹیکس دہندگان کو ٹیکس پیئرز آنر کارڈ جاری کیے جائیں گے انہیں نادرا، اسپتالوں، تعلیمی اداروں، بینکوں سمیت دیگر تمام اہم مقامات پر ترجیحات دی جائیں گی اور ان کے ساتھ ترجیحی سلوک کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وی آئی پی لاونجز میں بھی ان کے لیے اسپیشل کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

اسی طرح ائیر ٹیکس کے اجرا سمیت دیگر تمام سرکاری فورمز پر ان ٹیکس دہندگان کو خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آنر کارڈ ہولڈر ٹیکس دہندگان کو مفت پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے اور انہیں بغیر ڈیوٹی اور چارجز کے پانچ سو ڈالر کے بجائے پانچ ہزار ڈالر تک کا پرسنل بیگیج لانے و لے جانے کی اجازت ہوگی اور امیگریشن کاونٹرز پر انکی فاسٹ ٹریک کلیئرنس کی جائے گی۔ ان کارڈ ہولڈرز کو وزیراعظم کی طرف سے دیے جانے والے سالانہ بنیادوں پر ایکسیلنس ایوارڈ اورسالانہ ڈنر کی تقریب کے ساتھ ساتھ 23 مارچ اور چودہ اگست کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس پیئرز آنر کارڈ کے رُولز جاری کردیے جائیں گے جس کے بعد کارڈز کااجرا شروع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ کارڈز ان ٹیکس دہندگان کو جاری کیے جائیں گے جو نہ صرف باقاعدگی کے ساتھ ایمانداری سے اپنا پورا ٹیکس جمع کرواتے ہیں اور ٹیکس گوشوارے بھی باقاعدگی کے ساتھ جمع کرواتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے ذمے ٹیکس کی مد میں کسی قسم کے کوئی واجبات بھی نہیں ہونے چاہئیں۔
Load Next Story