پولیو کے خاتمے کیلیے کوششیں جاری رکھیں گے آصفہ بھٹو

عوام بچوں کو معذوری سے بچانے کیلیے مہم میں بھرپور حصہ لیں،کراچی میں گفتگو

عوام بچوں کو معذوری سے بچانے کیلیے مہم میں بھرپور حصہ لیں،کراچی میں گفتگو۔ فوٹو: اے پی پی

انسداد پولیو کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔


پولیو کے خاتمے کے لیے شہید بے نظیر بھٹو نے جس مہم کا آغاز کیا تھا اسے مکمل کیا جائے گا،پاکستان کے عوام بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو گذری میٹرنٹی ہوم بلدیہ عظمیٰ میں نومولود بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم کی مشیر شہناز وزیر علی ، ڈپٹی کمشنر جنوبی جمال مصطفیٰ قاضی اور دیگر بھی تھے ۔ انسداد پولیو کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری جب گذری میٹرنٹی ہوم پہنچیں تو وہاں پر موجود اسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر محمد اسد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے آصفہ بھٹو زرداری پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔

آصفہ بھٹو زرداری نے میٹرنٹی ہوم کا دورہ کیا اور زچہ بچہ کی خیریت بھی دریافت کی ۔گذری میٹرنٹی ہوم بلدیہ عظمیٰ کی ایم ایس ڈاکٹر نجمہ اسد اشرف نے بتایاکہ اس وقت اسپتال میں 200 بچے ہیں جن کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ علاقے کے اسکولوں اور علاقے کے گھروں میں جا کر ہمارے کارکن پولیو کے قطرے بچوں کو پلا رہے ہیں، بعدازاں آصفہ بھٹو زرداری نے فریئر ہال میں پولیو کے حوالے سے منعقدہ تصاویری نمائش کا دورہ کیا اور وہاں موجود افراد سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
Load Next Story