یوکرین میں خونریزی جاری مزید60 افراد ہلاک

67 اہلکاراغوا ،حکومت اور اپوزیشن میں جنگ بندی کا معاہدہ ٹوٹ گیا

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں آزادی اسکوائر پر گزشتہ روز جلائو گھیرائو سے ہونیوالی تباہی کا منظر۔ فوٹو: اے ایف پی

یوکرین میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بدھ کو کیے گئے جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود دارالحکومت کیف میں جمعرات کو بھی سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں جاری رہیں جس میں مزید60 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔


تمام افراد فورسز کی فائرنگ سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں نے مظاہرین پر فائرنگ اپنے دفاع کیلیے کی۔ وزارت داخلہ کے مطابق مظاہرین نے 67 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اپنے اہلکاروں کو چھڑانے کے لیے طاقت کا استعمال کرنے کا حق رکھتی ہے۔ پولیس اور مظاہرین میں خونی جھڑپیں کیف میں آزادی اسکوائر میں ہوئیں جس میں 60 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں جبکہ مظاہرین نے سیکیورٹی فورسز پر جواباً شدید پتھرائو کیا۔ پرتشدد واقعات کو رکوانے کے لیے فرانس ، جرمنی اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ کیف میں یوکرین کے صدر یانوکووچ سے مذاکرات کے لیے موجود ہیں۔ ادھر امریکی حکومت نے بحران زدہ یورپی ملک یوکرائن کے 20 اعلیٰ اہلکاروں پر ویزے کی پابندی عائد کر دی ہے۔
Load Next Story