ترین گروپ میں مائنس بزدار فارمولے پر اختلاف ایک رکن کا وزیراعلیٰ کا ساتھ دینے کا اعلان

جو مائنس بزدار کی بات کر رہے ہیں وہ اب بھی ان ہی کی کابینہ کا حصہ ہیں، خرم لغاری

عثمان بزدار کو ہٹائے بغیر حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی، ترین گروپ کا اعلان (فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما جہانگیر ترین گروپ کے ایک رکن خرم لغاری نے مائنس عثمان بزدار فیصلے کو مسترد کردیا جبکہ نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم سے کوئی مسئلہ نہیں جہانگیر ترین کی عزت اور وقار کو پی ٹی آئی میں ویسے ہی بحال کیا جائے تو بات بن سکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترین گروپ کے رکن سردار خرم لغاری کی دیگر رہنماؤں اجمل چیمہ، صمصام بخاری سردار آصف نکئی، لالہ طاہر رندھاوا،عون چوہدری سمیت دیگر سے ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترین گروپ کے رکن سردار خرم لغاری نے مائنس عثمان بزدار فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کسی ایک فرد کا تو ہوسکتا ہے سب کا نہیں، میں وزیر اعلی کے ساتھ کھڑا ہوں اور مائنس عثمان بزدار کو سپورٹ نہیں کرتا اور نہ مشکل وقت میں اُن کا ساتھ چھوڑ سکتا ہوں۔

مزید پڑھیں: مائنس عثمان بزدار پر ہی بات ہوگی، ترین گروپ ڈٹ گیا


سردار خرم لغاری نے کہا کہ جو مائنس بزدار کی بات کر رہے ہیں وہ اب بھی ان ہی کی کابینہ کا حصہ ہیں، اپنی اسمبلی بچائیں اور مائنس عثمان بزدار کی سوچ تبدیل کریں۔

دریں اثنا رکن اسمبلی صمصام بخاری اور سردار آصف نکئی کی ملک نعمان لنگڑیال اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بلایا تو ضرور ملاقات کریں گے، ہمارا اُن سے کوئی اختلاف نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدار کو ہٹانے سے انکار کے بعد ترین گروپ سخت فیصلے کرنے پر تیار

انہوں نے کہا کہ ہم نے تنگ آکر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو مائنس کرنے کی بات کی، جہانگیر ترین کی پارٹی میں پہلے جیسی پوزیشن اور عزت بحال تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ نعمان لنگڑیال نے مزید بتایا کہ ہمارا سعید اکبر نوانی گروپ سے بھی رابطہ ہوا وہ بالکل ناراض نہیں اور ترین گروپ کا ہی حصہ ہیں۔
Load Next Story