عدم اعتماد والے دن پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی سے باہر ہوں گے شیخ رشید

بلاول سندھ سے جو لوگ لائے تھے ان سے ہماری پولیس زیادہ تھی، وفاقی وزیر

ابھی اپوزیشن والے کہتے ہیں امپائر نیوٹرل ہے، لیکن ہارنے کے بعد پھر تھرڈ امپائر کا شور نہ مچادیں، وفاقی وزیر فوٹو: فائل

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد والے دن پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی سے باہر ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23 سے 30 مارچ اہم ہفتہ ہے، جس دن جس دن تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ ہوگی تحریک انصاف کے تمام ارکان اسبلی سے باہر ڈی چوک پر ہوں گے، اسپیکر اپنی مرضی سے اسمبلی اجلاس بلا سکتے ہیں، اسپیکر کے پاس فلور کراسنگ کے اختیارات بھی موجود ہیں اور ان کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، 172 آدمی اپوزیشن کو لے کر آنے ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے، جو بولیاں لگ رہی ہیں لوگ ان کی بولیوں کو ٹھکرائیں گے، اپوزیشن والے عدم اعتماد کا اپنا شوق پورا کرلیں، ہم اپوزیشن کو شکست دیں گے، اسی دن کامیابی پر شکرانے کا نفل ادا کریں گے، چھانگا مانگا کی سیاست ختم ہوگی، تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ثابت ہوگی، ابھی اپوزیشن والے کہتے ہیں امپائر نیوٹرل ہے، لیکن ہارنے کے بعد پھر تھرڈ امپائر کا شور نہ مچادیں۔


وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ تینوں پارٹیاں ذاتی مفادات کے لئے اکٹھی ہیں، اور ان تینوں جماعتوں کی انجمن عمران خان اور احتساب کے خوف سے بنی ہے، ایک دوسرے کا پوسٹ مارٹم کرنے والے اکٹھے ہوگئے ہیں، عمران خان کہیں نہیں جا رہا ہے، یہ سیاسی گھیرائو اور احتساب کے دائرے میں آئیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول سندھ سے جو لوگ لائے تھے ان سے ہماری پولیس زیادہ تھی، بلاول کا مارچ مایوس کن تھا، سابق صدر کی قبر پر نعرے بازی کرنے والو ں کے خلاف مقدمہ درج کریں گے، بلاول کو ان کے حال پر چھوڑ دیں، ان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی ، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو خارجہ پالیسی قوم کے سامنے رکھتے تھے، جب کہ اپوزیشن والے سامراج کی سوچ رکھتے ہیں۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ سیاسی گہما گہمی ختم ہو جائے تو بلوچستان خود جاؤں گا، غیر ملکی سفارتخانہ کے حوالے سے معذر ت کرچکے ہیں ،واقعہ نہیں ہوناچاہیے تھا، ہم سپر پاور سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، پنجاب کی سیاست پر کوئی بات نہیں کرسکتا۔ ہم نے تمام پولیس اسٹیشنز میں ویڈیو اور آڈیو کیمرے نصب کیے، پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازشیں ہورہی ہیں، رواں ماہ وزیراعظم ای پاسپورٹ کا افتتا ح کریں گے۔
Load Next Story