الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی پروزیراعظم کو نوٹس بھیج دیا

جاری کردہ نوٹس میں وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزرا کو خود یا بذریعہ وکیل 14 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے

جلسے میں شرکت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی۔ (فوٹو : فائل)

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مراحلے میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے لوئر دیر میں منعقد جلسے میں شرکت اور خطاب پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انہیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر ، مراد سعید اور انور زیب کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔ نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر دیر کی جانب سے جاری کیا گیا۔

جاری کردہ نوٹس میں وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزرا کو خود یا بذریعہ وکیل 14 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو شیڈول ہے۔

 

پیمرا سے ریکارڈنگ طلب


علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وزیراعظم، وفاقی وزرا، گورنر و وزیراعلی کے خطابات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے لوئر دیر جلسہ کی میڈیا کوریج سے متعلق چئیرمین پیمرا کو مراسلہ لکھا جس میں ہدایت دی گئی کہ ریکارڈ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو لوئر دیر جلسہ میں شرکت سے روک دیا

اس سے قبل الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے باعث وزیراعظم عمران خان کا جلسے میں شرکت کرنا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نیا ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس کے تحت اراکین پارلیمنٹ کو الیکشن مہم میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی تاہم پبلک آفس ہولڈرز پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر بدستور پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج لوئر دیر پہنچے جہاں بلامبٹ گراؤنڈ تیمرگرہ لوئر دیر میں انہوں نے عوامی خطاب کیا۔


 
Load Next Story