لاپتہ افراد کیس ’’شہری امریکا کو دیے‘‘ مشرف کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیا

کتاب ’’ان دی لائن آف فائر‘‘عدالت میں پیش، 689افرادگرفتار،300 امریکا کو دینے کااعتراف کیا تھا

سپریم کورٹ نے ان افسروں کی ریٹائرمنٹ کے بعدمقدمے سے تعلق نہ ہونیکا وزارت دفاع کاموقف مسترد کردیا،فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے رقم لیکر لوگوں کو امریکا کے حوالے کرنے کا سابق صدر پرویز مشرف کا اعتراف ریکارڈکا حصہ بنا دیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے پرویز مشرف کی کتاب ''ان دی لائن آف فائر''سے وہ اقتباس پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا تھاکہ کچھ لوگوں کو امریکا کے حوالے کیا گیا جس کے بدلے بھاری انعام ملا۔جسٹس جوادایس خواجہ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے اقتباس کو تحریری آرڈر میں شامل کر لیا۔لاپتہ مسعودجنجوعہ کے بارے میں 3 رٹائرڈ فوجی افسروں کے بیانات جمع نہ کرانے سے متعلق عدالت نے وزارت دفاع کا تحریری جواب مسترد کر دیا ۔عدالت نے کہا کہ اگلی سماعت پرتینوں افسروں کے بیانات حلفی جمع نہ کرائے گئے توان کی پنشن بندکرنیکا حکم دیا جائیگا۔سپریم کورٹ نے اس کیس میں سابق جنرل (ریٹائر) پرویز مشرف سمیت 10 افرادکے بیانات حلفی طلب کیے تھے۔


لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائر) شفقات احمد، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائر) ندیم تاج اورکرنل (ریٹائر) حبیب اللہ نے ابھی بیانات جمع نہیں کرائے۔جمعے کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ طارق کھوکھر نے وزارت دفاع کی طرف سے تحریری جواب جمع کرایا جس میں مذکورہ تینوں افسران کے بیانات حلفی جمع کرانے سے انکار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یہ افراد اب فوج سے ریٹائر ہو چکے ہیں اس لیے ان کی کوئی ذمے داری باقی نہیں رہی، عدالت نے یہ جواب مستردکر دیا۔ جسٹس جوادایس خواجہ نے کہا کہ عجیب بات تو یہ ہے کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے انھیں پنشن تو ملا کرے گی لیکن ذمے داریوں سے مبرا ہوگئے ہیں، جنہیں ہمارے ٹیکسوں سے حصہ ملتا ہے وقت آنے پر ذمہ داری بھی دکھائیں،فاضل جج نے کہا عدالت کے حکم پر عمل ہر شہری اور ریاستی ادارے کی آئینی ذمہ داری ہے،عدالت نے بیانات حلفی مانگے ہیں تو جمع کرانا پڑیں گے۔

فاضل جج نے کہا کہ اگر اگلی سماعت سے پہلے بیانات حلفی نہیں آئے تو پنشن بندکرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔عدالت نے عمران منیرکا بیان ریکارڈکرانے کیلیے پولیس رپورٹ مستردکرتے ہوئے فوری طور پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو طلب کیا۔مصطفیٰ رمدے پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ ایس پی ہارون جوئیہ کو سری لنکا بیان ریکارڈکرانے کیلیے بھیج دیا جائیگا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کی درخواست پر مزید سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔آن لائن کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے پرویز مشرف کی کتابوں کے اردو اور انگریزی ایڈیشن پیش کئے اوربتایا کہ کتاب میں ہے کہ 689افرادکوگرفتارکیا گیا اور300کو بیرون ملک فروخت کیا گیا۔ عدالت نے مسعود جنجوعہ کیس میں وزارت دفاع کو حساس اداروں کے افسران کے بیانات حلفی جمع کرانے کیلیے آخری مہلت دیدی اورکہا کہ اگر بیانات حلفی جمع نہ کرائے گئے تو عدالت خودکوئی مناسب حکم جاری کرے گی۔
Load Next Story