عدم اعتماد سےکوئی پریشانی نہیں صورتحال اطمینان بخش ہے وزیراعظم
کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی جلدی ہے، عمران خان
ویب ڈیسک |
March 14, 2022
MADRID: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں اور صورتحال اطمینان بخش ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے حکومتی حکمت عملی پر کورکمیٹی کواعتماد میں لیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں جبکہ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی جلدی نہیں ،حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں ، اتحادی ساتھ ہی ہیں ، ہمارے نمبرز پورے ہیں ، ہمارے ارکان کو کروڑوں کی پیشکش ہے، ہمارے ارکان کو دنیاکے کسی بھی ملک میں پیسے پہنچانے کی پیشکش کی جارہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد سےکوئی پریشانی نہیں صورتحال اطمینان بخش ہے، ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے، کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے۔
کور کمیٹی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ ٹولے کو عوام میں بے نقاب کیاجائے گا۔ حکمران جماعت نے ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔
بعدازاں وزیراعظم سے اٹارنی جنرل کی ملاقات بھی ہوئی جس میں قانونی امور پر مشاورت ہوئی اور مختلف قانونی امور پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم عمران کان نے اپنے پارٹی رہنماؤں کو اتحادیوں سے متعلق بیان بازی سے روک دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اپنی اتحادی جماعت کے رہنماؤں سے متعلق بیان بازی سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ اتحادیوں سے متعلق معاملات کو افہام و تفہیم سے دیکھا جائے گا، نہ حکومت کہیں جا رہی نہ اتحادی کہیں جا رہے ہیں، تحریک عدم اعتماد ہی نہیں پاکستان کے خلاف سازش بھی ناکام ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے خود ملاقات کریں گے، جب کہ انہوں نے 27 مارچ کو تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک پر ہونے والے جلسے کی ذمہ داریاں اسد عمر اور عامر کیانی کو سونپ دی ہیں۔