عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں اپوزیشن کا ممکنہ شراکتِ اقتدار کا فارمولہ تیار

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں پنجاب کا وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ اور گورنر قمرالزمان کائرہ کو بنایا جائے گا

اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رکن کا انتخاب کیا جائے گا۔ فوٹو:فائل

لاہور:
وفاق اور پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں اپوزیشن نے ممکنہ پاور شیئرنگ فارمولہ تیار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاق اور پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں اپوزیشن نے ممکنہ پاور شیئرنگ فارمولہ تیار کیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب چوہدری پرویز الہیٰ کو دیئے جانے کا امکان ہے، تاہم ان کے وزیر اعلٰی بننے کے بعد تشکیل پانے والی صوبائی کابینہ مختصر رکھے جانے کی تجویز ہے۔ اس وقت بزدار کابینہ میں 38 وزیر،4 مشیر اور4 معاون خصوصی شامل ہیں۔


اگر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو پھر اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رکن کا انتخاب کیا جائے گا، جب کہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے پیپلز پارٹی کے حسن مرتضی کا نام زیر گردش ہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جگہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر الزمان کائرہ کوگورنر بنائے جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ کابینہ میں زیادہ وزارتیں مسلم لیگ(ن) کے پاس ہوں گی، پیپلز پارٹی اور ق لیگ کو بھی شیئر ملے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تیزی سے تبدیل ہوتی سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ "ہاٹ کیک" بن گیا ہے، گزشہ رات 4 اراکین اسمبلی نے لیگی قیادت کے ساتھ ملاقات کر کے حمایت کا یقین دلا دیا ہے، جب کہ جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے 18 سے زائد ایم پی ایز مسلم لیگ(ن) کے ساتھ معاملات طے کر چکے ہیں۔

 
Load Next Story