فرانس نے ماسک سمیت کورونا پابندیاں ختم کردیں

زیادہ تر جگہوں پر چہرے کا ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی، حکومت

(فوٹو: الجزیرہ)

فرانس نے کورونا سے متعلق ماسک سمیت دیگر تمام پابندیاں ختم کردی ہیں۔

فرانسیسی ویب سائٹ کے مطابق اب شہری بغیر ماسک پہننے بھی عوامی مقامات پر جاسکیں گے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام افراد جہنوں نے تاحال ویکسینیشن نہیں کروائی انہیں بھی ریسٹورانٹ، اسٹیڈیم اور دیگر مقامات پر بلا روک ٹوک جانے کی اجازت ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ فیصلہ کورونا کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی وجہ سے کیا گیا۔

دوسری جانب ماہرین کی جانب سے حالیہ دنوں میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ کورونا سے متعلق مکمل پابندیاں ختم کرنے کے نتیجے میں کوویڈ کیسز میں اضافہ متوقع ہے۔


حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فرانس میں لوگوں کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے یا بار، سینما، تھیٹر اور میلوں جیسی جگہوں میں داخل ہونے کے لیے ویکسینیشن کا ثبوت دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس سے قبل فرانسیسی حکومت کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ رواں ماہ کے آغاز میں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پابندیوں کا خاتمہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب فرانس میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے الیکشن کا پہلا مرحلہ 10 اپریل سے شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ فرانس کوویڈ کی عالمی وبا کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک تھا، جہاں ڈیرھ لاکھ سے زائد لوگ لقمہ اجل بنے تھے۔
Load Next Story