مردان کے نوجوان نے پاک فوج سے محبت میں جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل گیم بنا ڈالا

نوجوان کی اس کاوش کو نہ صرف پاک فوج نے سراہا بلکہ گوگل نے بھی گیم کی خریداری کیلئے اس ہونہار طابعلم سے رابطہ کیا ہے

گیم بنانے کا مقصد پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، طالبعلم ولید فوٹو؛ایکسپریس نیوز

پاکستانی نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے پیچھے نہیں اور خیبرپختونخوا کے ایک باصلاحیت نوجوان نے پاک فوج سے محبت میں جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل اینڈرائڈ ویڈیو گیم بنا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مردان کے علاقے پار ہوتی کے 18 سالہ طالب علم ولید نے گھر میں بیٹھ کر پاک فوج کی محبت میں جدید اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی پر مشتمل ویڈیو گیم بنا ڈالا۔ گیم میں سبز وردی پہنا سپاہی دشمنوں کے ٹینکوں کو نشانہ بناتا ہے جب کہ گیم میں مختلف آپریشنز کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔


ولید کو صرف 17 سال کی عمر میں مائیکرو سافٹ سر ٹیفائیڈ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جب کہ وہ خیبر پختونخوا کا پہلا نوجوان ہے جس نے گھر کی چار دیواری میں 6 ماہ کی انتھک محنت سے اینڈرائیڈ گیم بنایا جو نہ صرف پاک فوج کی سماجی ویب سائٹ نے سراہا بلکہ گوگل نے بھی گیم کی خریداری کے لئے مردان کے اس ہونہار طاب علم سے رابطہ کیا ہے۔

نوجوان طالب علم ولید کا کہنا ہے کہ اسے پچپن سے ہی شوق تھا اور اسی لئے یہ ویڈیو گیم بنایا جس کا مقصد پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جب کہ لوگوں نے ولید کی اس تخلیق کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آئی ٹی کا تعلیمی معیار بہتر نہ ہونے کے باوجود مردان کے ہونہار طالب علم کی ماہرانہ کاوش قابل تحسین ہے۔
Load Next Story