جامعہ کراچی شعبہ حیاتیاتی کیمیا کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز

افتتاحی تقریب سے شیخ الجامعہ پروفیسر محمد قیصر،پیرزادہ قاسم،ڈاکٹر نصرت ودیگر کا خطاب

افتتاحی تقریب سے شیخ الجامعہ پروفیسر محمد قیصر،پیرزادہ قاسم،ڈاکٹر نصرت ودیگر کا خطاب

جامعہ کراچی میں شعبہ حیاتیاتی کیمیا کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، مقررین نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کے جدید رجحانات کے باعث حیاتیاتی کیمیا کے مختلف پہلوئوں کا مطالعہ گذشتہ ادوار کی نسبت زیادہ اہمیت اور خاص توجہ کا طلب گار ہے۔

جامعہ کراچی کے شعبہ حیاتیاتی کیمیا کی پچاس سالہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس شعبے نے ناصرف تدریسی بلکہ تحقیقی اعتبار سے بھی بے پناہ ترقی کی ہے، ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر ،سابق شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی،رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر نصرت جمیل، پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن اور دیگر نے جامعہ کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا،۔


کانفرنس کا انعقاد شعبہ حیاتیاتی کیمیا کی جانب سے شعبے کے پچاس سال پورے ہونے کے موقع پر کیا تھا جس میں قومی وبین الاقوامی مندوبین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، شعبہ حیاتیاتی کیمیا کی صدر پروفیسر ڈاکٹر نکہت احمد صدیقی نے کہا کہBIO CON نامی یہ پانچ روزہ پروگرام گذشتہ پچاس برس کی کامیابیوں کے سفر کی واضح تصویر پیش کرے گا۔

اس ضمن میں منعقدہ یہ کانفرنس حیاتیاتی کیمیا اور اس سے متعلقہ شعبوں کی جدید تحقیق کے ذریعے جینومکس اور پروٹیومکس جیسے نئے موضوعات میں حاصل مہارت کی عکاسی کریگی یہی وجہ ہے کہ مذکورہ کانفرنس کا موضوع "Biochemistry in the prot genomic era" رکھاگیا ہے، پروگراموں کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈاکٹر نکہت احمد نے کہا کہ شعبہ پانچ روزہ سمپوزیم کے ساتھ ساتھ پروٹیومکس اور نیورو سائنس کے حوالے سے معلوماتی ورکشاپ بھی منعقد کریگا۔
Load Next Story