سندھ ہاؤس کا ردعمل پیپلز پارٹی کا خیبرپختونخوا حکومت جلد گرانے کا دعویٰ

پی پی کے صوبائی صدر نجم الدین خان کا پی ٹی آئی کے 45 ایم پی ایز کی حمایت حاصل کرنے کا بھی دعویٰ

45 ارکان ہم سے رابطے میں ہیں، مرکز کے بعد صوبے میں بھی جلد عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے (فوٹو : فائل)

لاہور:
پیپلز پارٹی نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس حملے کے ردعمل میں خیبرپختونخوا حکومت گرانے کا دعوی کردیا اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 45 ایم این ایز ہم سے رابطے میں ہیں۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان نے لواری ہاؤس دیر بالا میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 45 ارکان ہم سے رابطے میں ہیں اور مرکز کے بعد صوبے میں بھی جلد عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے، اپوزیشن ایک پیج پر ہے اور ہم نے نااہل حکومت سے قوم کو نجات دلانے کے لیے کمر کس لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور کرم فرما کھول کر سن لیں، جیالے اینٹ کا جواب پتھر سے دینا خوب جانتے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ انھوں نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے پر ریاستی اداروں کی خاموشی کو افسوس ناک اور معنی خیز قرار دیا اور کہا کہ خدانخواستہ یہ خاموشی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔




نجم الدین خان نے کہا کہ عدلیہ، مقننہ، انتظامیہ اور میڈیا کسی خاص جماعت کے آلہ کار بننے کے بجائے اپنی قومی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کریں، اگر ذمہ دار افراد نشانہ عبرت نہ بنے تو جو آج سندھ کے ساتھ ہوا یہ کل ریاست کی کسی بھی اکائی کے ساتھ ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری شجاع خان اور سیکریٹری اطلاعات امجد آفریدی بھی موجود تھے.
Load Next Story