شہرمیں کچرا کنڈیوں کی صفائی نہ ہوسکی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ

بیماریاں پھیلنے سے قبل صفائی کرائی جائے،مکینوں کابلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام سے مطالبہ

بیماریاں پھیلنے سے قبل صفائی کرائی جائے،مکینوں کابلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام سے مطالبہ۔ فوٹو: فائل

شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث کچرا کنڈیوں کے باہر کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس سے مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔


برنس روڈ،لیاری ،بلدیہ ٹائون ،کھارادر،لانڈھی ، اورنگی، نا ظم آباداورکورنگی میں کچرے کے ڈھیرلگ گئے ہیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کچرا کنڈیوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنایا جائے،اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کو پابند کیا جائے، تفصیلات کے مطابق شہر خصوصا اولڈ سٹی ایریا میں صفائی ستھرائی کے امور بروقت انجام نہیں دیے جارہے ہیں اورشہرکے مختلف علاقوں رنچھوڑ لائن ایمپریس مارکیٹ، برنس روڈ، آرام باغ، ریلوے کالونی، پاکستان چوک، سولجربازار، کینٹ ریلوے اسٹیشن، محمود آباد، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہائوس، اردو بازار، بوہرہ پیر و دیگرعلاقوں میں کچرا کنڈیاں کچرے سے بھری ہوئی ہیں، ان کی صفائی گزشتہ کئی ہفتوں سے نہیں ہوئی جس کی وجہ سے کچرا سڑکوں پر پھیل گیا ہے،ان علاقوں میں سخت تعفن پھیل رہا ہے اور شہریوں کا ان علاقوں سے گزرنا مشکل ہوگیا،مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، پاکستان چوک پر پوسٹ آفس کے نزدیک واقع کچرا کنڈی کی صفائی گزشتہ کئی ہفتوں سے نہیں ہوئی ہے۔

مکینوں نے شکایت کی ہے کہ کچراکنڈی مکینوں کے گھروں کے نزدیک واقع ہے اور جب کچرا کنڈی کچرے کے ڈھیر سے بھرجاتی ہے تو کچرا پھیل کر مکینوں کے گھروں کے آگے جمع ہوجاتا ہے اور شہریوں کا اس علاقے سے گزرنا مشکل ہوجاتا ہے، رنچھوڑلائن کے علاقے میں واقع کچرا کنڈیوں کی صفائی بھی گزشتہ کئی ہفتوں سے نہیں ہوئی ہے ،نارائن پورہ کے علاقے میں ایک جانب کچرا کنڈی بھری ہوئی ہے ،دوسری جانب علاقے میں سیوریج کے مین ہول بھرگئے ہیں اور گندا پانی سڑک پر جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی ہے اور شہریوں کا اس علاقے سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے ،برنس روڈ کی گلی میں واقع کچراکنڈی کی صفائی بھی گزشتہ ایک ہفتے سے نہیں ہوئی ہے اورکچرا گلی میں پھیل گیا ہے،علاقے میں سخت تعفن اٹھ رہا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ ہے،اس علاقے میں صفائی انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ علاقہ فوڈاسٹریٹ کہلاتا ہے اور اس علاقے میں درجنوں پکوان سینٹر کھلے ہوئے ہیں ۔
Load Next Story