لاہور ٹیسٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں آسٹریلوی کپتان

بابراعظم کو جلد آؤٹ کرنے کےلیے کوئی پلان نہیں بنایا، پیٹ کمنز

(فوٹو: کرک انفو)

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اعلان کیا ہے کہ لاہور ٹیسٹ میچ کے لیے ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں۔

پری میچ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ لاہور ٹیسٹ کے لیے تیار کردہ وکٹ کراچی جیسی ہی ہے، وکٹ میں کوئی زیادہ فرق نظر نہیں آرہا۔ کراچی کی نسبت یہاں لاہور کا موسم گرم ضرور ہے، جس سے فاسٹ بولرز کو کچھ مشکل پیش آسکتی ہے۔


پیٹ کمنز نے کہا کہ ان کا اصل ہدف اچھی پرفارمنس دے کر اپنی برتری ثابت کرنے کے ساتھ اس سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہے، اپنے بولرز اور بیٹرز پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ عمدہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو جلد آوٹ کرنے کی خاص پلاننگ کے سوال پر مہمان ٹیم کےکپتان کا جواب تھا کہ کچھ خاص نہیں، بولرز کو اپنے کردار کا پتہ ہے کہ کس نے کیا کرنا ہے، ہماری ترجیح ہر بلے باز کو جلد پویلین بھیجنا ہوگا۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی وکٹ جلد مل جاتی ہے تو اس سے پاکستانی ٹیم پر دباؤ بڑھانے میں مدد ملے گی۔
Load Next Story