مشکلات میں گھری فلم ’’پٹھان‘‘ پرکنگ خان کے مداح حمایت میں سامنے آگئے

فلم اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی جس میں شاہ رخ، جان ابراہم اور اسٹار اداکارہ دیپکا پاڈوکون جلوے بکھیریں گی

سوشل میڈیا پر کنگ خان کے آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جارہا ہے (فوٹو، فائل)

بالی ووڈ کے نامور اداکار شاہ رخ خان، جان ابراہم اور اسٹار اداکارہ دیپکا پاڈوکون کی نئی آنے والی فلم 'پٹھان' کے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس کے جواب میں کنگ خان کے مداح میدان میں آگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نامور بھارتی ہدایت کار سدھارتھ آنند نئی آنے والی فلم کو ڈائریکٹ کررہے ہیں جسے اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی تاہم فلم سینما گھروں کی زینت بننے سے قبل ہی بائیکاٹ کے مطالبے کی زد میں آگئی لیکن اسٹارز کے پرستاروں نے فلم کا خوب دفاع کیا۔


رپورٹ میں بتایا گیا کہ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر 'بائیکاٹ پٹھان' کا ٹرینڈ چلا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے جبکہ جواباً کنگ خان کے چاہنے والے دفاع میں سامنے آگئے۔

شاہ رخ خان کے مداحوں نے ٹرینڈ کے دوران اداکار کی حمایت کی اور کہا کہ کوئی بھی 'پٹھان' کو نہیں روک سکتا، بائیکاٹ کا مطالبہ بند کریں کیوں کہ یہ باکس آفس پر بلاک بسٹر فلم ثابت ہوگی۔ پرستاروں نے فلم کے پہلے دن 40 کروڑ کے بزنس کی پیش گوئی بھی کردی۔ کسی کا کہنا تھا کہ اس طرح کا ٹرینڈ دراصل فلم کی تشہیر کا ہی سبب بن رہا ہے۔

خیال رہے کہ کنگ خان، جان ابراہم اور دیپکا کی فلم پٹھان اس وقت شوٹنگ اور تیاری کے مراحل سے گزر رہی ہے۔
Load Next Story