جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش

اسپیکر اسد قیصر کا جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل کو پیر کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم

اسپیکر اسد قیصر کا جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل کو پیر کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم۔ فوٹو:سوشل میڈیا

ISLAMABAD:
حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے آئینی ترمیمی بل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیش کردیا، جب کہ اسپیکر نے بل کو پیر کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے آئینی ترمیمی بل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیش کردیا گیا، بل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیش کیا، اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی موجود تھے۔


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کی ہے کہ اس بل کو پیر کو منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر خارجہ کی درخواست پر اس جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل کو سوموار کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، وزیر اعظم عمران خان نے میلسی کے عوامی رابطہ جلسے میں جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کیا، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر میں نے آئینی ترمیمی بل، وزارت قانون کی منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی خدمت میں پیش کر دیا ہے، آج وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کی عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔
Load Next Story