لاہور کی فرح نامی خاتون کا اسکینڈل بنی گالہ سے ملتا ہے مریم نواز

عمران خان کے تو سارے لوگ چلے گئے اور جارہے ہیں، کیا یہ پارٹی سے ممبران نکالیں گے یا لوگ انہیں نکالیں گے؟ رہنما ن لیگ

(فوٹو: فائل)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور کی ایک فرح نامی خاتون کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ سب اسکینڈلز کا باپ ہے یہ اسکینڈل جس کے تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں، صرف پوسٹنگ ٹرانسفرز کے لیے لی گئی رشوت میں 6 ارب سے زیادہ کمایا۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں ہوش اڑا دینے والے ثبوت سامنے آئیں گے۔



خیال رہے کہ ایک سیف اعوان نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'مریم نواز نے اپنی تقریر میں فرح کی چوری کا ذکرکیا ہے، یہ کوئی نیا اسکینڈل ہے'۔

ٹوئٹرپر جواب دیا کہ سب اسکینڈلز کا باپ ہے یہ اسکینڈل جس کے تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں۔

 


'عمران خان خود کو بچانے کے لیے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں'

اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان اپنی کشتی ڈوبتا دیکھ کر خود کو بچانے کے لیے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں۔

لاہور میں مرکزی سیکریٹریٹ میں پارٹی ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ن لیگ سے کوئی بندہ نہیں گیا، مشکل وقت میں سب نے نواز شریف کا ساتھ دیا، عمران خان کے تو سارے لوگ چلے گئے اور جارہے ہیں، کیا یہ پارٹی سے ممبران نکالیں گے یا لوگ اسے نکالیں گے؟

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان خزاں کی طرح تمھارے سارے پتے جھڑ چکے ہیں، عوام اب عمران خان کو نکا لنے کے لیے نکلے گی، عمرا ن خان کو استعفیٰ نہیں اب سیدھے گھر جانا ہوگا، عمران خان روز کہتے ہیں میرے پاس سیاسی پتے ہیں انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ ان کے سارے پتے کٹ چکے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اپنی کشتی ڈوبتا دیکھ کر سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں، ایک ایک دن ووٹنگ آگے کر کے عمران خان اقتدار کی بھیک مانگ رہا ہے، کیا کوئی عزت والا شخص اس طرح اقتدار سے چپکا رہے گا؟ ایک رکن کو پکڑتا ہے تو دوسرا رکن بھاگ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا آج ایڑیاں رگڑ رگڑ کر این آر او مانگ رہا ہے، تمہارا اقتدار عالمی سازش یا اپوزیشن نے ختم نہیں کیا بلکہ یہ عوام کی بددعاؤں نے ختم کیا ہے، جب میں اسلام آباد پیشی پر جارہی ہوتی ہوں تو لوگ مجھے آکر کہتے تھے کہ عمران خان سے میری جان چھڑاؤ۔
Load Next Story