حساس تھانوں کے افسران و اہلکاروں کی تنخواہ میں اضافہ

پولیس کا مورال بلند کرنے کی خاطر سندھ حکومت نے شہر کے حساس تھانوں میں تعینات نفری کیلیے اضافی تنخواہ کا اعلان کیا تھا

ضلع ملیر کا ایک،ساؤتھ زون میں لیاری کے 4 جبکہ غربی کے11 تھانے شامل ہیں ،ڈی ایس پی کی تنخواہ میں18ہزار اور کانسٹیبل کی تنخواہ میں6ہزار کا اضافہ ہوگا ، ذرائع۔ فوٹو: فائل

کراچی آپریشن کو مزید موثر بنانے اور پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے شہر کے 16 حساس تھانوں میں تعینات افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہ میں 65 فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے، مذکورہ تھانوں میں لیاری کے چاروں تھانے بھی شامل ہیں۔


اس بات کا فیصلہ سندھ حکومت نے چند روز قبل کراچی آپریشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا تھا، مقصد فورس کی حوصلہ افزائی کرنا ہے،16تھانوںکے اہلکاروں کی بنیادی تنخواہ میں65 فیصد کا اضافہ ہوگا،ضلع ملیر کا ایک،سائوتھ زون میں لیاری کے 4 جبکہ غربی کے11 تھانے شامل ہیں ،ڈی ایس پی کی تنخواہ میں18ہزار اورکانسٹیبل کی تنخواہ میں6ہزار کا اضافہ ہوگا، تفصیلات کے مطابق ملک کے معاشی حب کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کو مزید موثر بنانے اور پولیس اہلکاروں کا مورال بلند کرنے کی خاطر سندھ حکومت نے شہر کے حساس تھانوں میں تعینات نفری کے لیے اضافی تنخواہ کا اعلان کیا تھا ، اس سلسلے میں چند روز قبل سندھ حکومت کے منعقدہ اجلاس میں منظوری بھی دی گئی تھی ، اس ضمن میں شہر کے 16 تھانوں کو حساس قرار دیا گیا ، ایکسپریس کو حاصل دستاویزات کے مطابق شہر کے 16 حساس تھانوں میں تعینات افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہ میں 65 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ، ان تھانوں میں ضلع ملیر کا ایک ، سائوتھ زون میں لیاری کے 4 جبکہ ضلع غربی کے11 تھانے شامل ہیں۔

مذکورہ تھانوں میں سائٹ اے ، پاک کالونی ، اورنگی ٹائون ، پیرآباد ، پاکستان بازار ، مومن آباد ، قائد آباد ، سہراب گوٹھ ، گلشن معمار ، اتحاد ٹائون ، مدینہ کالونی ، منگھوپیر ، چاکیواڑہ ، کلری ، بغدادی اور کلاکوٹ شامل ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی رینک کے افسر کی تنخواہ میں18 ہزار ، انسپکٹر کی تنخواہ میں 14 ہزار ، سب انسپکٹر کی تنخواہ میں 11 ہزار ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی تنخواہ میں تقریباً 8 ہزار ، ہیڈ کانسٹیبل کی تنخواہ میں 7 ہزار جبکہ کانسٹیبل کی تنخواہ میں 6 ہزار روپے تک اضافہ ہوگا ، ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ سائٹ اے تھانے میں 143 ، پاک کالونی تھانے میں 156 ، اورنگی ٹائون تھانے میں 219 ، پیرآباد تھانے میں 156 ، پاکستان بازار تھانے میں 151 ، مومن آباد تھانے میں 166 ، قائد آباد تھانے میں 120 ، سہراب گوٹھ تھانے میں 100 ، گلشن معمار تھانے میں 136 ، اتحاد ٹائون تھانے میں 67 ، مدینہ کالونی تھانے میں 44 ، منگھوپیر تھانے میں 103 ، چاکیواڑہ تھانے میں 120 ، کلری تھانے میں 202 ، بغدادی تھانے میں 202 جبکہ کلاکوٹ تھانے میں بھی 202اہلکاروں کی نفری تعینات ہے جو مجموعی طور پر 2 ہزار 286 افسران و اہلکاروں پر مشتمل ہے ، مذکورہ نفری میں 7 ڈی ایس پی ، 15 انسپکٹر ، 123 سب انسپکٹر ، 223 اسسٹنٹ سب انسپکٹر ، 305 ہیڈ کانسٹیبل اور ایک ہزار 613 کانسٹیبل شامل ہیں۔
Load Next Story