انسپکٹر چاند نیازی کے قتل میں ملوث ارشد پپو کا بیٹا گرفتار

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ لیاری گینگ وار دوبارہ متحرک نہیں ہورہا، پولیس و رینجرز مکمل طور پر چوکس ہیں

ملزم نے اپنے باپ ارشد پپو کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے مقتول کو موت کے گھاٹ اتارا (فوٹو، فائل)

شہرقائد میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر چاند خان نیازی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا جو ارشد پپو کا بیٹا ہے اور وہ واردات کے دوران موٹرسائیکل چلا رہا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 22 مارچ کو صدر کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے سندھ پولیس کے برطرف انسپکٹر چاند خان نیازی کو ان کے ساتھی سمیت فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگئے تھے، پولیس و رینجرز نے مشترکہ تحقیقات کے دوران ایک ملزم جان عالم بلوچ کو گرفتار کیا۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ گرفتار ملزم واقعے کے وقت موٹر سائیکل چلا رہا تھا، ملزم جان عالم لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار ارشد عرف پپو کا بیٹا ہے اور اس نے یہ واردات اپنے باپ کے قتل کا بدلہ لینے کی غرض سے کی تھی، ملزم کا دوسرا ساتھی تاحال مفرور ہے، اس کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔


رینجرز کے کرنل نصر اللہ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اس واردات کی منصوبہ بندی اکیس مارچ کو کی تھی اور اس سے قبل انھوں ںے مکمل طور پر چاند خان نیازی کی ریکی بھی کی، جائے وقوعہ سے نو خول ملے تھے جنھیں فارنسک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

دریں اثنا ایس ایس پی رائے اعجاز نے بتایا کہ ملزم سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے اور خصوصاً سولجر بازار میں قتل کیے گئے انسپکٹر جاوید بلوچ کے قتل کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے، فوری طور پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ جاوید بلوچ کے قتل میں بھی جان عالم ملوث ہو۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جاوید بلوچ کے قتل کے بعد ارشد پپو کیس کے ملزمان کو پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی رضا مندی ظاہر کی گئی تھی لیکن کچھ افراد نے یہ پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی جبکہ کچھ افراد نے سیکیورٹی لے لی ہے اور انھیں بھرپور تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں حکام کا کہنا تھا کہ لیاری گینگ وار دوبارہ متحرک نہیں ہورہی اور پولیس و رینجرز مکمل طور پر چوکس ہیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا ۔
Load Next Story