تجاوزات کارروائی میں خاتون دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

واقعے پرمشتعل مکینوں کاشاہراہ پر ہنگامہ، رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک روک دی

گھرتوڑنے پرخاتون رکاوٹ بن گئیں،گجرنالے میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کی گئی تھی فوٹو : فائل

موسیٰ کالونی میں انسداد تجاوزات کارروائی کے دوران خاتون دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئیں۔

جمعہ کی شام موسیٰ کالونی میں گجر نالے کے ساتھ قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جارہا تھا کہ اس دوران ایک گھر کو توڑنے کے لیے بزرگ خاتون رکاوٹ بن گئیں ، پولیس حکام کے مطابق انھیں کئی بار سمجھایا گیا لیکن وہ نہ مانیں اسی دوران انھیں ہارٹ اٹیک ہوگیا جس پر اہل خانہ انھیں فوری طور پر قریبی واقع نجی اسپتال لے گئے۔

واقعے پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انھوں نے کریم آباد سے نارتھ ناظم آباد جانے والی شاہراہ پر مظاہرہ شروع کردیا اس دوران مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا۔


واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات شروع کیے، احتجاج کی وجہ سے کریم آباد سے نارتھ ناظم آباد جانے والا ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ صورتحال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں پولیس حکام نے مذاکرات کے بعد پرامن طور پر مظاہرین کو منتشر کردیا۔

موسی کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران دل کو دورہ پڑنے کے باعث نجی اسپتال میں داخل 55سالہ جام زادی زوجہ نیاز علی دوران علاج دم توڑ گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او فیصل رفیق نے بتایا کہ متوفیہ کو ضیا الدین اسپتال میں طبی امداد جارہی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لئے خاتون کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی جائے گی۔

ادھر اسپتال میں خاتون کے اہلخانہ اور علاقے مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ خاتون کی موت کا ذمہ دار آپریشن کرنے والی ٹیم اور اس کا انچارج ہے، ایس ایچ او کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے ابھی تک پولیس سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
Load Next Story