مچل مارش انجری کے باعث پاکستان کیخلاف پہلے ون ڈے سے باہر ہوگئے

بقیہ دو میچز میں بھی انکی شرکت مشکوک ہے

گیند اٹھاتے وقت مچل مارش کے کولہے کو جھٹکا لگا۔ فائل فوٹو

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل مارش انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق باقی دو میچز میں بھی ان کی شرکت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کے میڈیا مینجر کول ہچکاک نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مچل کا آج صبح اسکین ہوا ہے، اس کی رپورٹس آنا باقی ہیں، انہیں کولہے میں انجری ہوئی ہے تاہم ان کی سیریز میں شرکت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے، جیسا کہ کپتان ایرون فنچ نے بھی کہا کہ ان کے پہلے ون ڈے میں شرکت کے امکانات بہت کم ہے۔


انہوں نے کہا کہ فیلڈنگ ڈرلز کے دوران جھک کر گیند اٹھاتے وقت مچل مارش کے کولہے کو جھٹکا لگا ہے۔

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کے مطابق مچل مارش قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کے دوران اَن فٹ ہوئے تو ان کی حالت دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوسکیں گے تاہم فوری طور پر کوئی نتیجہ اخذ نہیں کر سکتے، ہمیں اسکین رپورٹس کا انتظار کرنا ہے۔

ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ رپورٹس آنے پر ہی اندازہ ہوگا کہ انجری کی نوعیت کیا ہے، مچل مارش سے پہلے تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ کو بھی انجری کی وجہ سے وطن لوٹنا پڑا ہے۔
Load Next Story