ڈالر کے انٹربینک ریٹ 184روپے سے تجاوز کرگئے

اوپن مارکیٹ میں بھی ریٹ 185روپے سے تجاوز کرگئے

(فوٹو، فائل)

غیر یقینی سیاسی و معاشی صورتحال اور زرمبادلہ کی قلت کے باعث ذرمبادلہ کی دونوں کی مارکیٹوں میں جمعہ کو بھی ڈالر کی قدر بے قابو رہی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے انٹربینک ریٹ 184روپے سے تجاوز کرگئی اور اوپن مارکیٹ میں بھی ریٹ 185روپے سے زائد رہا۔

بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ باالخصوص چین کے سینڈیکیٹڈ قرضوں کی واپسی ذرمبادلہ کے ذخائر میں تسلسل سے کمی نے ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹیں دباؤ کا شکار ہوگئی ہیں جس سے پاکستانی روپیہ کمزور سے کمزور تر جبکہ ڈالر یومیہ بنیادوں پر تسلسل سے تگڑا ہوتا جارہا ہے۔


یہی وجہ کہ جمعہ کو کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر کی اڑان جاری رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 184.69روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 62 پیسے کے اضافے سے 184.09روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 185.50روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔.
Load Next Story