کراچی میں شدید گرمی کی نئی لہر کی پیشگوئی

شہر کا مطلع آج گرم وخشک رہا، سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں فعال ہونے سے درجہ حرارت میں تقریباً 5 ڈگری کمی ریکارڈ ہوئی

گرمی کی لہر کے دوران سمندری ہوائیں بند ہونے کا امکان ہے (فوٹو، فائل)

محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں بدھ سے گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی کردی، آئندہ چند روز تک موسم انتہائی گرم رہے گا اور پارہ 41 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹرفارہیٹ ویوکی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ 30مارچ(بدھ) سے یکم اپریل تک کراچی کا موسم بہت زیادہ گرم اور خشک رہے گا، گرمی کی لہر کے دوران سمندری ہوائیں بند ہونے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کی گرم ریگستانی ہوائیں شہر کا رخ کریں گی جس کے سبب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔


سندھ کے دیگر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا، دیہی سندھ کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ پارہ 43 سے 45 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ پیر کو کراچی کا مطلع گرم وخشک رہا تاہم سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں فعال ہونے کی وجہ سے گذشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں تقریباً 5 ڈگری کمی ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت اضافے سے 24.5 ڈگری رہا۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز نے بتایا کہ گرمی کی نئی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے، سمندری ہوائیں دن کے وقت معطل ہوں گی تاہم شام کے وقت سمندرکی جنوب مغربی ہوائیں دوبارہ بحال ہونے کی توقع ہے۔
Load Next Story