وزیراعظم اور آرمی چیف کے تعلقات پر کوئی آنچ نہیں آئے گی فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم عمران خان کے تعلقات مثالی ہیں اور کسی بھی صورت میں ان تعلقات پر آنچ نہیں آئے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ حکومت اور فوج کو علیحدہ دکھانے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے، عمران خان واضح کر چکے ہیں افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور تحفظ کی علامت ہیں، پاک فوج کے سپہ سالار اور ملک کے وزیراعظم کے درمیان تعلقات میں کوئی آنچ نہیں آئے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو وزارت قانون کا اضافی قلمدان دے دیا ہے۔
مذکورہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور پھر اُن کے رکن نے وزارتِ قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
مسلسل ایک کمپین چلائ جا رہی ہے کہ حکومت اور فوج کو علیحدہ دکھایا جائے، عمران خان واضع کر چکے ہیں افواج پاکستان پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کی علامت ہیں چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیر اعظم کے تعلقات مثالی ہیں اور کسی بھی صورت میں ان تعلقات پر آنچ نہیں آئے گی