صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کردی

وفاقی کابینہ بھی ختم ہوگئی، بیرون ملک سے کی گئی سازش کو ناکام بنانے پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، عمران خان

(فوٹو : فائل)

ISLAMABAD:
صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی توڑ دی جس کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش ناکام بنانے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سرکاری ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان ںے کہا کہ بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش کو آج ڈپٹی اسپیکر نے مسترد کردیا جس پر میں پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم پریشان تھی کہ غداری ہورہی تھی، میں انہیں پیغام دے رہا ہوں کہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، ہم نے آئینی طاقت استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو غیر آئینی قرار دیکر مسترد کردیا

وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کی تجویز بھیج دی ہے، قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، مجھے گزشتہ روز سے لوگ پیغامات دے رہے تھے کہ لوگ آپ سے غداری کررہے ہیں اور رقومات لے رہے ہیں، جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے پیسے لیے وہ ان رقومات کو لنگر خانوں میں دے دیں۔

صدر نے قومی اسمبلی تحلیل کردی


دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول ہوگئی جسے انہوں نے منظور کرلیا جس کے بعد آئینی طور پر اب قومی اسمبلی تحلیل کردی۔

آئندہ انتخابات 90 دن میں ہوں گے

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ٹویٹ کیا کہ اسمبلی تحلیل ہوچکیں اب آئندہ 90 دن میں انتخابات ہوں گے، ‏غداروں اور ضمیر فروشوں عوام میں آؤ، بیرونی سازشوں اور بند کمروں سے باہر نکلو، اب آپ کو انتخابات سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گے۔



آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، فواد چوہدری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ تحلیل ہوچکی تاہم آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
Load Next Story