کراچی سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں آپریشن کر کے 115 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا

پولیس نے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کر کے سنگین جرائم میں مطلوب 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

اورنگی ٹاؤن کی ایم پی آر کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران خواتین سرچر سمیت 1000 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ فوٹو: فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 115 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی، شاہ فیصل کالونی، ماڑی پور مشرف کالونی، نیو کراچی، بلدیہ ٹاؤن اور لانڈھی کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کر کے متعدد مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا، سرچ آپریشن میں رینجرز کے کے9 یونٹ اور خواتین سرچر سمیت 1000 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔

پولیس اور رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ایم پی آر کالونی اور ماڑی پور سے گرفتار ارکان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، ملزمان پولیس کو سنگین جرائم کی 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے، ملزمان کے قبضے سے 170 سے زائد ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔
Load Next Story