وزیراعلیٰ پنجاب نے عبدالعلیم خان کے الزامات کی تردید کر دی

فرح خان کا تقرر و تبادلوں اور ٹھیکوں میں کسی قسم کا کوئی کردار نہیں، ترجمان وزیراعلیٰ آفس

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج تک تقرر و تبادلوں میں کوئی مداخلت نہیں کی، ترجمان۔ فوٹو : فائل

لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کر دی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عبدالعلیم خان نے بزدار حکومت پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے، جن میں کوئی صداقت نہیں۔

بیان میں وضاحت دی گئی کہ پنجاب میں تقرر و تبادلے صرف میرٹ پر ہوتے ہیں، فرح خان کا تقرر و تبادلوں اور ٹھیکوں میں کسی قسم کا کوئی کردار نہیں لہٰذا عبدالعلیم خان کو ایسے بے سروپا الزامات لگانے پر شرم آنی چاہیے۔


مزید پڑھیں: عمران خان آئیں مقابلہ کریں اور بتائیں کہ غدار کون ہے، علیم خان

وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور میرٹ کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج تک تقرر و تبادلوں میں کوئی مداخلت نہیں کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ خرید و فروخت جنہوں نے کی اور جو کر رہے ہیں وہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، پیسے کی سیاست کرنے والے کردار عوام کے سامنے آچکے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا دامن صاف ہے اور ان پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
Load Next Story