کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 لاشیں برآمد

تینوں متوفی کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے

تینوں کی موت پراسرار ہوئی ہے (فوٹو، فائل)

شہر قائد کے مختلف علاقوں سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں تاہم متفیوں کی موت کی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہوسکا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کی مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ لائٹ ہاؤس آدم مسجد کے قریب سے ضعیف المعر شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر جاں بحق ہوا، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے سول اسپتال پہنچائی۔


پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 65 سالہ فیروز کے نام سے کی گئی تاہم فوری طور پر وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہو سکا، ابتدائی تحقیقات میں ہلاکت طبعی معلوم ہوتی ہے لیکن ہم مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں کورنگی 6 نمبر گلستان مارکیٹ کے قریب فٹ پاتھ پر 62 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی طور پر متوفی کی ہلاکت کو طبعی بتایا گیا ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

اسی طرح پیر آباد کے علاقے پاچا خان چوک رحمن اسپتال کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی، متوفی کی فوری طور پر شناخت اور وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہو سکا جبکہ اس کی عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
Load Next Story