حکومت نے قومی اداروں کی نجکاری کی تو ملک گیر ہڑتال کریں گے خورشید شاہ

ملک میں تاجروں کی حکومت ہے جو مزدوروں کو کچھ دینے کے بجائے اپنی فلور اورشوگر ملوں كو مضبوط كر رہے ہیں، قائد حزب اختلاف

اگر ایسا ہی چلتا رہا تو مجھے خوف ہے نواز شریف کو کہیں پاکستان کی نجکاری کا بھی خیال نہ آجائے، سید خورشید شاہ فوٹو: آئی این پی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدہ شاہ نے كہا ہے كہ پاكستان پیپلز پارٹی قومی اداروں كی نجكاری كے خلاف ہے، اگر حکومت نے قومی اداروں كی نجكاری كی تو مزدور بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال كریں گے۔


نیشنل پریس كلب اسلام آباد میں انسداد نجكاری سیمینار سے خطاب كرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں بدقسمتی سے تاجروں کی حکومت ہے جو مزدوروں کو کچھ دینے کے بجائے صرف اپنی فلور اور شوگر ملوں كو مضبوط كر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 169 اداروں کی نجکاری کی، کارخانے چلانا حکومت کا کام نہیں تو حکومت کا کیا کام ہے اور اگر ایسا ہی چلتا رہا تو مجھے خوف ہے نواز شریف کو کہیں پاکستان کی نجکاری کا بھی خیال نہ آجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور طبقے کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی اور اگر حکومت نے اداروں کی نجکاری کی تو ہم مزدور طبقے کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔

سیمینار سے خطاب كرتے ہوئے پیپلز پارٹی كے سینٹر سعید غنی نے كہا کہ منافع بخش اداروں كی نجكاری ہوئی تو پاكستان میں مہنگائی بڑھ جائے گی، معاشی حالات بہتر کرنے کے لئے اداروں کے كنٹریكٹ ملازمین كو مستقل كیا جائے اور لیبرز قوانین پر عمل درآمد كیا جائے۔ تحریک انصاف كے اسد عمر نے كہا كہ قوی اداروں كی نجكاری ہوئی تو ان کی جماعت اس پالیسی كے خلاف ڈٹ كر مقابلہ كرے گی، اداروں كی نجكاری كرنے كے بجائے اداروں میں میرٹ پالیسی نافذ كی جائے اور كرپٹ عناصر كے خلاف قانونی كارروائی كی جائے۔ انہوں نے كہا كہ یہ بات غلط ہے كہ ادارے خسارے میں جارہے ہیں بلكہ خسارے والے اداروں میں سفارشی كلچر كو ختم كركے اور اداروں كے سربراہان كی میرٹ پر تعیناتی كر كے قومی اداروں كو بچایا جائے۔
Load Next Story