فلموں کے انتخاب میں خوفزدہ نہیں مگر محتاط ضرور ہوں یامی گوتم

دوسروں کی طرح تیزی سے فلمیں سائن نہیں کرتی، وہی کام کرتی ہوں جو دل کو اچھا لگے

سوجت سرکار میرے رہنما ہیں ان سے رابطے میں رہتی ہوں ابھی ان کی کسی فلم میں کام نہیں کررہی ،اداکارہ کابھارتی خبررساں ادارے کو انٹرویو فوٹو: فائل

BRNO:
بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم کا کہنا ہے وہ فلموں کے انتخاب میں محتاط ضرور ہیں مگر کسی چیز سے خوفزدہ نہیں ہیں ہر وہ کام کرتی ہوں جس پر میرا دل چاہے ۔

یہ بات یامی گوتم جو اداکار جان ابراہم کے ساتھ اپنی پہلی بالی ووڈ فلم ''وکی ڈونر ''میں کامیاب اداکارہ کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہوئیں ، انہوں نے بھارتی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پہلی فلم کی کامیابی کے بعد دوسروں کی طرح فلمیں سائن کرنے میں تیزی نہیں دکھارہی، فلمی دنیاسے کوئی تعلق نہیں ہے اگر میری کوئی فلم سپرہٹ جاتی ہے تو مجھے اس کے بعد آنے والی فلموں کے انتخاب کے لیے مناسب طریقہ اختیار کرنا چاہیے کیونکہ میری کوئی فلم ناکام ہوگئی تو میرے لیے دوسرا موقع حاصل کرنا بہت مشکل ہوجائے گا اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں خوفزدہ ہوں۔

یامی گوتم کا کہنا تھا کہ میں وہی کام کرتی ہوں جو مرے دل کو اچھا لگے اور چند دنوں بعد ریلیز ہونے والی فلم ٹوٹل سیاپا میں ایسی ہی ہے اور میں اسے پسند کرتی ہوں اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے بہت سی ایسی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی جو مجھے اچھی نہیں لگیں جس پر میں نے ان میں کام کرنے سے انکار کردیاکیونکہ میرے مطابق اس کا میری پیشہ وارانہ ذمے داریوں سے تعلق نہیں تھا۔


ادکارہ جو نیرج پانڈے کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم میں مرکزی کردار میں جلوہ گر ہورہی ہیں کا کہنا تھا کہ فلم ''ٹوٹل سیاپا'' جذباتی ہونے کے ساتھ ساتھ دلچسپ اورمزاح سے بھر پور ہے اور میں اس فلم میں کاسٹ کیے جانے پر نیرج پانڈے کی شکر گزار ہوں۔ سوجت سرکار کی فلم میں جان ابراہم کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ سوجت سرکار اور جان ابراہم کے ساتھ کام کرنا میری بہت بڑی خوش قسمتی ہوگی میں ان کی شکرگزار ہوں کہ انھوں نے مجھے فلمی دنیا میں اچھے انداز میں متعارف کرایا اوروہ میرے رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں تاہم میں ابھی ان کی کسی فلم میں کام نہیں کررہی ہوں مگر میرا ابھی بھی خاص طور پر سوجت سر سے رابطہ ہے اور میں جانتی ہوں کہ جب بھی مجھے ان کی مدد اور رہنمائی کی ضروت ہوگی وہ میرا ساتھ دیں گے ۔باہر سے آنے والی لڑکیوں کے لیے بالی ووڈ میں جگہ بنانے کے سوال پر یامی گوتم کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں باہر سے آنے والے کے لیے جگہ بنانا اب کافی آسان ہوگیا ہے مگر اپنی اس جگہ کو قائم رکھنا بہت مشکل ہے اور اس کے لیے اس بات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ وہ کس فلم میں کام کررہی ہیں اور ان کا کردار کتنا اہم ہے اور شائقین اسے کتنا پسند کریں گے اگر کوئی اداکارہ اس پر توجہ دے تو وہ ناکام نہیں ہوسکتی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یامی گوتم موسیقار اے آر رحمان کی میوزک وڈیو جو روی ورما کی پینٹنگز سے متاثر ہوکر بنائی جارہی ہے میں بھی کام کررہی ہیں وہ اس وڈیو میں اے آر رحمان کی موسیقی پر اپنی پرفارمنس دکھائیں گی ۔ واضح رہے کہ یامی گوتم ایشور نواس کی ہدایتکاری میں تیارکی جانیوالی فلم''ٹوٹل سیاپا'' میں یامی گوتم پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جب کہ انوپم کھیر اور ان کی اہلیہ کرن کھیر بھی پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں کام کررہے ہیں اور اس فلم کو 7مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنایا جارہا ہے ۔ان دنوں فلم کی تشہری مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے اور دونوں اداکار فلم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیے دن رات لوگوں سے رابطے اور تقریبات میں شرکت کررہے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ٹوٹل سیاپا کی جوڑی نے ایک بھارتی چینل کے پروگرام میں بھی شرکت کی اور مداحوں کے سوالوں کے جواب دیے اس موقع پر یامی گوتم کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی کی محبت کی داستان پر مبنی ہے میرا کردار ہندو لرکی آشا کا ہے انوپم کھیر فلم میں میرے والد جب کہ ان کی اہلیہ کرن کھیر نے والدہ کا کردار ادا کیا ہے۔فلم کا مرکزی خیال خاندان والوں کی طرف سے لڑکی پر لگائی جانے والی روائتی پابندیوں پر مبنی ہے یامی گوتم کا کہنا تھا کہ فلم ٹوٹل سیاپا میں میراکردار پہلی فلم سے بالکل مختلف ہے امید ہے مداحوں کو یہ فلم بہت پسند آئے گی ۔
Load Next Story