لاپتہ شہری کیس سپریم کورٹ کا پاک فوج کے میجر کو شامل تفتیش کرنے کا حکم

پولیس میجرعلی احسن کا بیان لینا چاہتی ہے تو کمانڈنگ افسرسے بات کریں۔، وکیل ملٹری انٹلی جنس

وزارت دفاع نے حکومت پنجاب کو خط لکھا ہے کہ کیس سول سے فوجی عدالت میں بھیجا جائے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل۔ فوٹو: فائل

MULTAN:
سپریم کورٹ نے لاپتہ شہری کے اغوا پر پولیس کو پاک فوج کے میجر کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔


جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے تاصف علی لاپتہ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران تاصف علی کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ان کے موکل کوراولپنڈی کے علاقے شکریال سے 23 نومبر 2012 کو اٹھایا گیا تھا تاہم میجر محمد علی احسن کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد ان کا تبادلہ آواران کردیا گیا۔اس پر ملٹری انٹلی جنس کے وکیل نے کہا کہ پولیس میجرعلی احسن کا بیان لینا چاہتی ہے تو متعلقہ کمانڈنگ افسرسے بات کریں۔

سماعت کے دوران جسٹس ناصر الملک نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے استفسار کیا کہ میجر محمد علی احسن پر عابدہ ملک کے شوہر تاصف علی کو اغوا کرنے کا الزام ہے، اغوا کیاگیا شخص کہاں ہے؟۔ جس پر شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ وزارت دفاع نے حکومت پنجاب کو خط لکھا ہے کہ کیس سول سے فوجی عدالت میں بھیجا جائے، سیکریٹری دفاع آصف یاسین ملک بیرون ملک ہیں اس لئے وہ مناسب ہدایت لے کر عدالت کی معاونت کریں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات پولیس کا کام ہے، میجر محمد علی احسن کو شامل تفتیش کیا جائے۔
Load Next Story