محترمہ بلقیس ایدھی کا انتقال

محترمہ بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں

محترمہ بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔ فوٹو: فائل

معروف سماجی شخصیت مولانا عبدالستار ایدھی مرحوم کی بیوہ محترمہ بلقیس ایدھی جمعہ کو مختصر علالت کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر74 برس تھی۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق محترمہ بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔ مولانا عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان، سابق صدرآصف زرداری، بلاول بھٹو، نواز شریف، ڈاکٹر محمد طاہر القادری سمیت ملک کی تمام سیاسی وسماجی شخصیات نے محترمہ بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرحومہ بلقیس ایدھی نے اپنے شوہر مولانا عبدالستار ایدھی کے شانہ بشانہ سماجی وفلاحی کاموں میں حصہ لیا اور اپنی پوری زندگی انتہائی سادگی سے گزاری۔


وہ نمود ونمائش سے کوسوں دور تھیں۔ مولانا عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد انھوں نے اپنے صاحبزادے کے ساتھ مل کر اپنے مرحوم شوہر کے سماجی خدمات کے مشن کو جاری رکھا۔ انھوں نے لاوارث اور یتیم بچوں کی تربیت کا جو فریضہ انجام دیا، شاید ہی کوئی اس معیار تک پہنچ سکے۔ سماجی خدمات کے شعبے میں ان کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوا ہے، وہ شاید ہی پُر ہو سکے۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور انھیں جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کے ورثاء کو ان کا اور عبدالستار ایدھی کا مشن جاری رکھنے کی استطاعت اور ہمت دے۔ آمین
Load Next Story