صحت کارڈ پروگرام کے لیے وفاقی حکومت کے محتاج نہیں خیبرپختوخوا حکومت

اسے بند ہونے کی افواہوں میں صداقت نہیں، پروگرام کو قانونی تحفظ دینے کےلیے قانون سازی کریں گے، تیمور جھگڑا

وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا صحت کارڈ سے متعلق ٹویٹ (فوٹو : فائل)

ABBOTTABAD:

وزیر صحت خیبر پختون خوا تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پروگرام بند ہونے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، پختونخوا حکومت کا یہ پروگرام وفاقی حکومت کا محتاج نہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق صحت کارڈ سے متعلق افواہوں کے بارے میں وزیر صحت خیبر پختون خوا تیمور جھگڑا نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ صحت کارڈ پروگرام بند ہونے کی افواہوں میں قطعی کوئی صداقت نہیں ہے۔




اپنے ٹویٹ میں تیمور جھگڑا نے کہا کہ پختونخوا حکومت کا یہ پروگرام وفاقی حکومت کے قطعی محتاج نہیں، اس پروگرام کو ضروری قانونی تحفظ دینے کے لیے اگلی کابینہ میں قانون سازی کی منظوری دیں گے، قانون سازی کے ذریعے پختونخوا میں یونیورسل ہیلتھ کوریج لازمی ہوگی۔



تیمور جھگڑا نے کہا کہ پختونخوا میں صحت کارڈ سے اب تک تقریباً 1.1 ملین افراد مستفید ہوچکے ہیں، صرف مارچ میں پختونخوا کے 80,000 سے زیادہ شہریوں نے صحت کارڈ سے استفادہ کیا، 150 ملین سے زیادہ پاکستانیوں کو مفت صحت سہولیات فراہمی کے منصوبے پر وفاق تاحال خاموش ہے۔



وزیر صحت نے مزید کہا کہ پاکستانی جان لیں اس پروگرام کو وفاقی سطح پر ختم کرنا پاکستانیوں کے حقوق تلفی ہوگی، صحت کارڈ اب پاکستانی عوام کا دیرینہ مطالبہ بن چکا ہے۔

Load Next Story