مفرور رکن کے پی اسمبلی کو باہر جانے سے روکنے کیلیے ایف آئی اے کو مراسلہ ارسال

محکمہ داخلہ اور دیگر ادارے ایم پی اے کو ٹریس کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، بیرسٹر سیف

رکن اسمبلی کے فرار ہوتے وقت کی تصویر (فوٹو : ویڈیو گریب)

قتل کے ملزم خیبر پختون خوا اسمبلی کے رکن فیصل زمان کے فرار ہونے پر معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ فیصل زمان کو باہر جانے سے روکنے کے لیے ایف آئی کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن فیصل زمان کے فرار ہونے پر صوبائی حکومت کا موقف سامنے آگیا۔ معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ فیصل زمان پر قتل کا مقدمہ چل رہا تھا، انہیں اسمبلی اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر کے ذریعے پشاور لایا گیا تھا، انہیں ایم پی اے ہاسٹل میں رکھا گیا تھا اور اسے سب جیل قرار دیا گیا تھا اور فیصل زمان کو کل ایبٹ آباد جیل شفٹ ہونا تھا۔

یہ پڑھیں : پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کے فرار کی فوٹیج سامنے آگئی


انہوں نے کہا کہ ایم پی اے فیصل زمان کے فرار کے بعد گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کی ہے، محکمہ داخلہ اور دیگر ادارے ایم پی اے کو ٹریس کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں جب کہ انہیں باہر جانے سے روکنے کے لیے ایف آئی اے کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جس نے آج سے کام شروع کر دیا ہے، تمام مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

فیصل زمان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے لیے مراسلہ ارسال

صوبائی حکومت نے مفرور رکن اسمبلی کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کے پی پولیس نے ایم پی اے فیصل زمان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے لیے ایف آئی اے کو مراسلہ بھجوادیا۔
Load Next Story