یوکرین کی پارلیمنٹ نے اپوزیشن رہنما کو نگراں وزیراعظم منتخب کرلیا
یوکرین کی پارلیمنٹ نے مئی میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل یورپی یونین کے حامی اپوزیشن رہنما آرسینائی یاسینوک کو نگراں وزیراعظم منتخب کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معزول یوکرینی صدر وکٹر یانوکووچ کی برطرفی کے بعد اسپیکر الیگزینڈر کو نگراں صدر مقرر کیا گیا جس کے بعد پارلیمنٹ نے سابق حکومت کیخلاف چلائی جانے والی تحریک کے سرگرم رہنما آرسینائی یاسینوک کو عبوری وزیراعظم منتخب کرلیا، آرسینائی یاسینوک مئی میں ہونے والے صدارتی انتخابات تک ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
دوسری جانب حکومت کی برطرفی کے 5 روز بعد معزول صدر وکٹر یانوکووچ کا خط منظر عام پر آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی یوکرین کے آئینی اور جمہوری صدر ہیں کیونکہ 21 فروری کو اپوزیشن لیڈر اور یورپی یونین کے 3 رہنماؤں کی موجودگی میں سیاسی بحران کے خاتمے اور نئے انتخابات کے حوالے سے معاہدہ طے پایا چکا تھا جس کی اب اپوزیشن کی جانب سے معاہدہ کی خلاف ورزی کی گئی اس لیےغیر آئینی طریقے سے ان کی حکومت کا تختہ الٹا گیا۔