امیرِ طالبان کا عیدالفطرپر خصوصی پیغام دنیا اسلامی حکومت کو تسلیم کرے

طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے افغان عوام کی مشکلات کے خاتمے میں مدد ملے گی، ملا ہبتہ اللہ اخوندزادہ

دنیا سمت کر ایک گاؤں بن گئی ہے، ملا ہبتہ اللہ (فوٹو: فائل)

TEHRAN:
امیرِ طالبان ہبتہ اللہ اخوندزادہ نے عید الفطر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں عالمی برادری سے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریکِ طالبان کے رہنما ہبتہ اللہ اخوندزادہ نے عید الفطر کی مناسبت سے افغان عوام اور عالم اسلام کے لیے ایک آڈیو پیغام بھیجا ہے جس میں افغانستان میں اسلامی حکومت کے قیام پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے اور اسلامی قوانین کی پاسداری کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

امیرِ طالبان ملا ہبتہ اللہ نے اپنے بیان میں عالمی قوتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں دنیا سمٹ کر ایک گاؤں بن چکی ہے جس میں کوئی کسی سے لاتعلق نہیں رہ سکتا یا کسی کو تنہا نہیں کیا جا سکتا۔


ملا ہبتہ اللہ نے عالمی برادری سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ طالبان حکومت کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام سے افغان عوام کی مشکلات میں کمی ہوگی۔

یہ بیان طالبان حکومت کے نائن وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نشر کیا ہے۔ گزشتہ برس اگست میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے امیرِ تنظیم ملا ہبتہ اللہ منظر عام پر نہیں آئے ہیں تاہم ان کی تصویر سامنے آئی تھی۔

ایسی بھی اطلاعات آئی ہیں کہ امیرِ طالبان ملا ہبتہ اللہ نے چند ایک جگہ خطاب بھی کیا اور بہ نفس نفیس ایک مدرسے کی تقریب تقسیم اسناد میں بھی شرکت کی اور تقریر بھی کی تاہم اس کی تصاویر یا ویڈیو منظر عام پر نہیں آئیں اور نہ ہی سرکاری سطح پر تصدیق ہوئی۔

 
Load Next Story