جلسوں میں شیر اور گدھوں کی نمائش جرم ہے اسلام آباد ہائی کورٹ

جلسوں میں جانوروں کی نمائش کیخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت

جلسوں میں جانوروں کی نمائش کیخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عوامی جلسوں میں جانوروں کی نمائش کیخلاف وزارت موسمیاتی تبدیلی کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نایاب نسل کے جانوروں کی غیر قانونی درآمد کیس کی سماعت کی۔ وزارت تجارت کے سیکشن افسر نعیم تارڑ نے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی سے متعلق نوٹیفکیشن کی کاپیاں جمع کرائیں۔


عدالت نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے استفسار کیا کہ جانوروں کی غیر قانونی درآمد میں ملوث افراد کے خلاف کیا کارروائی کی؟ ۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی ڈپٹی کنزرویٹر نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں کو مختلف خطوط لکھے مگر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی نا ہوئی۔

ہائی کورٹ نے کہا کہ شیر اور گدھوں کی جلسوں میں نمائش انہیں تکلیف دینے کے مترادف اور ایک جرم ہے، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو جانور عوامی جلسوں میں نہ لانے کی ہدایت کرے۔

عدالت نے جانوروں کی بغیر پرمٹ امپورٹ اور گھروں میں رکھنے والوں کے خلاف لیے گئے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی اور کیس کی مزید سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔
Load Next Story