زیریں سندھ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک داؤن27گرفتار

سی آئی اے پولیس کی کارروائیاں، قاضی احمد سے 6، کوٹری جامشورو سے 8، بدین 3 اور کھوسکی سے 10 افغان باشندے پکڑے گئے

سی آئی اے پولیس کی کارروائیاں، قاضی احمد سے 6، کوٹری جامشورو سے 8، بدین 3 اور کھوسکی سے 10 افغان باشندے پکڑے گئے۔ فوٹو فائل

حکومت سندھ کے غیر قانونی تارکین وطن کو صوبہ بدر کرنے کے احکام پر پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین اور دیگر تارکین وطن کے خلاف کارروائی شروع کر دی، قاضی احمد، جامشورو اور بدین، کھوسکی سے27 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔


قاضی احمد پولیس نے آفتاب کالونی میں چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر مقیم6 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا جن میں عارف پٹھان، قیوم پٹھان، حنیف، نذر محمد، صدورو و دیگر شامل ہیں، تاہم ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ جامشورو میں سی آئی اے پولیس نے کوٹری سائٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ببر اسٹاپ سے داود خان، حنیف خان، سیال محمد کو گرفتار کر کے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے تینوں افراد کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا، جنہیں عدالت نے جیل بھیج دیا۔

پولیس نے کوٹری کے دیگر مقامات پر بھی چھاپوں میں غیر قانونی طور پر مقیم مزید 5 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا تاہم ان کے نام نہیں بتائے گئے۔ ایس ایس پی جامشورو وصی حیدر کا کہنا ہے کہ 1998سے قبل 3 ہزار افغان باشندے رہائش پذیر تھے تاہم تازہ اعداد و شمار کا معلوم نہیں جس کے لیے سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف بدین پولیس حیدرآباد روڈ، گولارچی روڈ، شہباز روڈ سمیت دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر3 افراد علی محمد پٹھان، لال گل پٹھان اور دوست محمد پٹھان کو گرفتار کر کے تھانے لے گئی۔ ایس ایس پی بدین سرفراز شیخ کا کہنا ہے کہ مزید علاقوں میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ کھوسکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے10 افراد فضل محمد، مراد خان، محمد ہاشم، شیر علی، عبدالقیوم، سنت اﷲ، میر ولی، حمید اﷲ، عبداﷲ، میرو کو گرفتار کر لیا جن کی تصدیق کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب حیدرآباد میں پولیس نے اب تک غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
Load Next Story