عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد کے ایس ای100 انڈیکس 400 پوائنٹس گھٹ گیا

مارکیٹ 44800 پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوئی

فوٹو: فائل

لاہور:
سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال، مستقبل میں معاشی ابتری کے امکانات اور مہنگائی کے خدشات جیسے عوامل پر عید الفطر کی طویل تعیطلات کے بعد جمعہ کو کھلنے والی پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 400 پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 45 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدسے گر گئی اور 44800 پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوئی۔

مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 76ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 75 کھرب روپے سے گھٹ کر74کھرب روپے کی سطح پر آگیا جبکہ 65.76 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 408.60 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 45249.41 پوائنٹس سے کم ہو کر 44840.81 پوائنٹس ہوگیا۔

اسی طرح 165.98 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17314.51 پوائنٹس سے کم ہو کر44840.81 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30774.66 پوائنٹس سے گھٹ کر30480.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔


کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 76 ارب 43کروڑ 69 لاکھ56 ہزار 948 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75 کھرب 19 ارب 74 کروڑ 3 لاکھ 3 ہزار 118 روپے سے گھٹ کر 74 کھرب 43 ارب 30 کروڑ 33 لاکھ 46 ہزار 170روپے رہ گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو5 ارب روپے مالیت کے 18کروڑ 94 لاکھ 84 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری دن جمعرات کو 9 ارب روپے مالیت کے 32کروڑ 54 لاکھ 66 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو مجموعی طور پر333کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے90کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 219میں کمی اور 24کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کاروبار کے لحاظ سے سمٹ بینک2 کروڑ 57 لاکھ، یونٹی فوڈز لمیٹڈ 1کروڑ 82 لاکھ، سینر جیکو پاک 91 لاکھ26ہزار،پاک ریفائنری 86 لاکھ 56 ہزار اور پاک الیکٹرون 81 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔

قیمتوں میں اتار چڑھاﺅ کے اعتبار سے ملت ٹریکٹرز کے بھاﺅ میں 30.78روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر 955.71 روپے ہو گئی اسی طرح 34.99 روپے کے اضافے سے سیمنس پاک کے حصص کی قیمت بڑھ کر 624.99 روپے پر جا پہنچی جبکہ کولگیٹ پامولیو کے بھاﺅ میں 77.40روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت گھٹ کر 2055.10 روپے ہو گئی، نیلسے پاکستان کے حصص کی قیمت کم ہو کر5800.00روپے پر آ گئی۔
Load Next Story