کراچی میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

قیمتوں میں اضافے کی وجہ زائد طلب کو قرار دیا جارہا ہے

سبزیاں اور مرغی پھر مہنگی(فوٹو فائل)

ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، مرغی کی قیمت 650 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے معاشی حب کراچی میں بھی سبزیوں اور مرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے اور انتظامیہ منظر سے غائب ہے جب کہ منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

کراچی میں پیاز اور ٹماٹر نے سینچری مکمل کرلی، سبزی فروشوں کے مطابق سندھ میں پیاز کی فصل ختم ہونے کے بعد اب کے پی کے اور بلوچستان سے پیاز لاکر فروخت کی جارہی ہے۔

کچھ روز پہلے تک 60 روپے کلو میں فروخت ہونے والی پیاز 100 روپے کلو تک پہنچ گئی، ٹماٹر 100، لہسن320، ادرک320، ہری مرچ160 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے جب کہ لیموں کی قیمت 1 ہزار روپے پہنچنے پر لیموں مارکیٹ سے ہی غائب ہوگیا ہے۔


شہر میں پھل، سبزیاں، گوشت سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں سے ڈیڑھ سے دوگنا قیمت پر بناء کسی روک ٹوک فروخت جاری ہے، دوسری جانب کمشنر کراچی نے مرغی کا سرکاری نرخ نامہ جاری کرنا روک دیا۔

کمر توڑ مہنگائی سے متعلق صارفین کا کہنا ہے کہ اس نرخ نامے پر پہلے بھی عمل درآمد نہیں ہوسکا اب پولٹری مافیا مکمل طور پر سرکاری نرخ کی پابندی سے آزاد ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عید کی تعطیلات میں مرغی کی قیمت بھی 650 روپے کلو تک پہنچ گئی جو اب بھی 600 روپے کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے اور مرغی کی طرح بچھیا کا گوشت بھی 850روپے کلو(ہڈی والا) جبکہ بغیر ہڈی کا گوشت 950روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب مرغی کی قیمت میں اضافہ زائد طلب کو قرار دیا جارہا ہے، مرغی فروشوں کے مطابق شادی بیاہ اور عید پر دعوتوں اور ہوٹلوں میں کھانا کھانے کی روایت کی وجہ سے مرغی کی طلب چار گنا بڑھ چکی ہے جو آئندہ دنوں میں معمول پر آنے سے مرغی کی قیمت میں بھی کمی کی توقع ہے۔
Load Next Story