ہوم سیریز پلیئرز صلاحیتوں پر جمی گرد جھاڑنے کیلیے بے چین

سلیکٹرز نے ممکنہ کھلاڑیوں پر بابر اعظم، ثقلین مشتاق اور پی سی بی حکام سے مشاورت کرلی

راولپنڈی میں متوقع سیاسی صورتحال کے پیش نظر مشقیں لاہور میں کرنے پر غور ۔ فوٹو : اے ایف پی

ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز سے قبل پلیئرز صلاحیتوں پر جمی گرد جھاڑنے کیلیے بے چین ہیں۔

پی ایس ایل 7اور آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے بعد پاکستانی کرکٹرز کو تھوڑا آرام کرنے کا موقع مل گیا، چند کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی دھاک بٹھائے ہوئے ہیں، اب سب ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل صلاحیتوں پر جمی گرد جھاڑنے کیلیے بے چین ہیں، اس کا موقع بھی ان کو جلد ہی ملے گا۔

ہوم ون ڈے سیریز کیلیے تربیتی کیمپ 24مئی سے لاہورمیں لگنے کا امکان ہے، قومی اسکواڈ کا اعلان 20 مئی تک متوقع ہے،کھلاڑیوں کا حتمی فیصلہ رواں ہفتے کرلیاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نے ممکنہ اسکواڈ پر کپتان بابر اعظم، کوچ ثقلین مشتاق اور پی سی بی حکام سے مشاورت کرلی، لاجسٹک معاملات فائنل ہونے کے بعد اسکواڈ اور تربیتی کیمپ کا باقاعدہ اعلان کردیاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق 3ون ڈے میچز پر سیریز کیلیے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلوں کا امکان نہیں، راولپنڈی میں متوقع سیاسی صورتحال کے پیش نظر فی الحال کیمپ لاہور میں لگانے پر غور ہورہا ہے، سیریز راولپنڈی سے کسی اور شہر منتقل کرنے کی صورت میں اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیاجائیگا، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے میچز 8، 10 اور12 جون کو کھیلے جانا ہیں۔


پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے تحت پنڈی میں ہی یہ میچز طے ہیں، البتہ پی سی بی بیک اپ پلان کے طورپر دیگر شہروں پر بھی غور کررہا ہے۔یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈلیگ میں شامل سیریز کیلیے کئی اسٹار کرکٹرز کے بغیر ویسٹ انڈین اسکواڈ کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا۔

دریں اثناء قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس اگلے چند روز میں فائنل ہونے کا امکان ہے، اس ضمن میں کپتان بابر اعظم اور ہیڈکوچ ثقلین مشتاق سے بھی مشاورت کرلی گئی۔ بجٹ فائنل ہونے کے بعد کیٹیگریز کے اعتبار سے ناموں کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔

کپتان اور ٹیم مینجمنٹ تنخواہوں میں 20فیصد سے زیادہ اضافہ کے خواہاں ہیں، بورڈ حکام 10 سے 15فیصد رقم بڑھانے کے حق میں ہیں، باہمی مشاورت میں کنٹریکٹس کے مسودے اور مجوزہ ترمیم پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا، کھلاڑیوں کی کیٹیگریز، کارکردگی اور تعداد کیا ہونی چاہیے، اس پر بھی بات ہوئی۔

قومی کرکٹرز کے کنٹریکٹس کے ساتھ ڈومیسٹک کھلاڑیوں اور کوچز کی تنخواہوں پر بھی بحث کا سلسلہ جاری رہا، ڈومیسٹک پلیئرز کی تنخواہوں میں بھی اضافے کی تجویز زیر غور ہے، بورڈ کے شعبہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور فنانس چند روز میں نئے کنٹریکٹس کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں تاکہ پی سی بی کے اگلے مالی سال کے بجٹ میں رکھ کربورڈ آف گورنرز سے منظوری لی جاسکے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس30جون کو ختم ہورہے ہیں، حکام کی خواہش ہے کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز کے دوران یا فوری بعد تمام ضروری کاغذات تیار کرکے نئے کنٹریکٹس کھلاڑیوں کے حوالے کردیے جائیں۔
Load Next Story