سری لنکا عدالت نے سابق وزیراعظم کے ملک سے باہر جانے پر پابندی لگادی

سابق وزیراعظم کے بیٹے اور 15 ارکان اسمبلی کے بھی ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی گئی

وزیراعظم کے بیٹے اور 15 ارکان اسمبلی پر پابندی عائد کی گئی ہے، فوٹو: فائل

سری لنکا کی عدالت نے شدید مالی بحران پر پھوٹنے والے پُرتشدد عوامی مظاہروں اور ہنگاموں کے نتیجے میں مستعفی ہونے والے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے اور ان کے اتحادی سیاست دانوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی عدالت نے سابق وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے، ان کے بیٹے نمل اور 15 ارکان اسمبلی سمیت قریبی سیاسی اتحادیوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔


مقامی عدالت نے یہ حکم ملک بھر حکومت مخالف مظاہرین اور سابق وزیراعظم راجاپاکسے کے حمایتیوں کے درمیان خونی تصادم کے نتیجے میں رکن اسمبلی سمیت درجنوں شہریوں کی ہلاکت سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔

عدالت نے پولیس کو بھی حکم دیا کہ حکومت مخالف مظاہرین پر حملوں کی شفاف تحقیقیات کرے۔ ان پُر تشدد واقعات میں 250 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا جن میں سے درجن سے زائد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں شدید اقتصادی اور معاشی بحران کے باعث ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور شدید عوامی دباؤ کے بعد وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے استعفیٰ دیدیا۔
Load Next Story