پاکستان سری لنکا کا حق دوستی ادا کرنے کیلیے تیار

ٹیسٹ سیریز کیلیے نیوٹرل وینیو سمیت کوئی بھی فیصلہ قبول ہوگا،پی سی بی

ویسٹ انڈیز سے ہوم ون ڈے میچز کیلیے اسکواڈ کا اعلان 23 مئی کو ہوگا فوٹو : فائل

پاکستان مشکل وقت میں سری لنکا کا حق دوستی ادا کرنے کیلیے تیار ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے بتایا کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے ا بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، سری لنکن بورڈ کے ساتھ ہمارے بڑے مضبوط تعلقات رہے ہیں، دونوں ملکوں نے مشکل حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کو سپورٹ کیا، ماضی میں کشیدہ صورتحال میں ٹورز ہوتے رہے ہیں، پاکستانی ٹیموں نے مشکل حالات کے باوجود وہاں کھیلنے سے انکار نہیں کیا، اسی طرح کی مثبت سوچ کا مظاہرہ سری لنکا نے بھی کیا۔


انھوں نے کہا کہ جولائی، اگست میں سیریز کھیلنے سے بھی پاکستان خود انکار نہیں کرے گا، سری لنکن بورڈ اپنے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک یا کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سمیت کوئی بھی فیصلہ کرتا ہے تو ہمیں قبول ہوگا، فی الحال سری لنکا نے ون ڈے میچز نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی جو قبول کرلی گئی۔

سمیع الحسن برنی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کیلیے ٹیم کا اعلان 23 مئی کو ہوگا، تربیتی کیمپ کا آغاز 29 مئی یا یکم جون سے کیا جائے گا، شاہین شاہ آفریدی نجی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان آرہے ہیں،سلیکٹرز نے انھیں آرام نہ دینے کا فیصلہ کیا تو وہ تربیتی کیمپ جوائن کرلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا آپشن راولپنڈی ہی ہے، لاہور اور کراچی میں پچز تیار ہو رہی ہیں،اس لیے ''بی'' پلان کے طور پر ملتان کو رکھا گیا ہے، سیریز میں بائیو سیکیور ببل بھی نہیں ہو گا۔ نیدرلینڈز اور سری لنکا کے ٹورز کیلیے قومی اسکواڈز کا اعلان ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز ختم ہونے کے بعد 13 جون کو کیا جائے گا۔
Load Next Story