سری لنکن ٹیم کو آج افغان جنگجوؤں کے چیلنج کا سامنا

بنگال ٹائیگرز کو پچھاڑنے والی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھ سکتے، انجیلو میتھیوز

بنگال ٹائیگرز کو پچھاڑنے والی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھ سکتے، انجیلو میتھیوز۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان پیر کو مقابلہ ہوگا، افغان سائیڈ نے آئی لینڈرز کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی، کوچ کبیر خان کہتے ہیں باقی دونوں مقابلوں میں بھی اپ سیٹ کی بھرپور کوشش کریں گے۔


دوسری جانب سری لنکن ٹیم ناقابل شکست سفر جاری رکھنے کیلیے پرعزم ہے، کپتان انجیلومیتھیوز کا کہنا ہے کہ افغان ٹیم کو آسان شکار سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان نے بنگلہ دیش کو 32 رنز سے شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھادی ہے، اب ایشیا کپ میں اس کے دو میچز باقی ہیں سری لنکا کے بعد اس نے بھارت کا بھی مقابلہ کرنا ہے، اس کے حوصلے کافی بلند ہوچکے ہیں۔ کوچ کبیر خان ان دونوں ٹیموں کو ہی خبردار کرچکے ہیں کہ ان کی ٹیم فتح کی بھوکی اور وہ مزید اپ سیٹ کرسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے تمام کھلاڑی کامیابیوں کے لیے بے چین ہیں ان کو اچھی طرح معلوم ہے کہ یہاں پر حاصل کی گئی کامیابی کیسے ان کا مستقبل تبدیل کرسکتی ہے اب اگر ہم نے مزید ایک دو میچز جیت لیے تو پھر یہ افغانستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی نوید ہوگی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل افغانستان نے پاکستان کی بھی 117 رنز پر 6 وکٹیں گرادی تھیں مگر عمر اکمل کا کیچ ڈراپ کرکے انھوں نے انھیں سنچری کا موقع فراہم کیا جس سے وہ میچ ان سے دور لے گئے اور افغان ٹیم کو 72 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب سری لنکا اب تک اپنے دونوں میچز اور بھی پاکستان اور بھارت کے خلاف جیت چکا ہے اس کی فائنل میں جگہ بظاہر یقینی دکھائی دے رہی ہے، کپتان انجیلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ ہم ایشیا کپ میں اپنا ناقابل شکست سفر جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، افغان ٹیم کافی باصلاحیت اور اس نے اس کا ثبوت بھی دے دیا ہے، ہم ان کو کمزور سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کریں گے۔
Load Next Story